0

پوری قوم صیہونی جارحیت اور ظلم و جبر کی مذمت کرتی ہے: وزیراعظم

اسلام آباد: وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم آج یوم القدس پر صیہونی جارحیت اور ظلم و جبر کی مذمت کرتی ہے اور اپنے نہتے فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتی ہے۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے عالمی یوم القدس اور جمعۃ الوداع کے موقع پر پیغام جاری کیا ہے۔

اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ 7 دہائیوں سے اسرائیل فلسطین اور بیت المقدس پر ناجائز اور غیر قانونی طور پر قابض ہے اور اپنے اس قبضے کو قائم رکھنے کیلئے بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزی کرتا آ رہا ہے جس پر عالمی برادری خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس اکتوبر سے اسرائیل نہتے فلسطینیوں پر ظلم و جبر کے مزید پہاڑ توڑ رہا ہے، غزہ میں اب تک 32 ہزار فلسطینی بشمول 17 ہزار بچے شہید اور 70 ہزار لوگ زخمی ہوئے، ہسپتالوں اور پناہ گزین کیمپوں اور بچوں کے سکولوں کو دانستہ طور پر نشانہ بنایا گیا، ان تک امدادی اشیاء کی رسائی کو روکا گیا اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی جنگ بندی کی قرارداد کے باوجود بمباری جاری ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری سے یہ مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اسرائیل پر فلسطینیوں کے خلاف ظلم و جبر روکنے کیلئے دباؤ ڈالنے میں اپنا کردار ادا کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ میری پاکستان اور دنیا بھر کے مسلمانوں سے جمعۃ الوداع کے موقع پر گزارش ہے کہ وہ رمضان کی برکتیں سمیٹتے وقت اپنے فلسطینی اور کشمیری بہن بھائیوں کو دعاؤں میں یاد رکھیں اور رب کے حضور ان کی مشکلات کی آسانی کی دعا کریں۔

وزیراعظم نے قوم سے یہ بھی اپیل کی ہے کہ وہ جمعۃ الوداع کے بابرکت دن کے وسیلے سے اپنی عبادات اور دعاؤں میں پاکستان کی امن و سلامتی اور ترقی و خوشحالی کیلئے دعا کریں، اللہ رب العزت نے 27 رمضان المبارک کو ہمیں یہ علیحدہ وطن بڑی قربانیوں کے بعد تحفے میں عطا کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ میری اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اس جمعۃ المبارک کے طفیل پاکستان کی معاشی مشکلات کا خاتمہ کرے اور ہمیں اس کی تعمیر و ترقی کیلئے دن رات محنت کرنے کا عزم، حوصلہ اور ہمت عطاء کرے، آمین۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں