0

وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی امریکی حکام سے ملاقات

اسلام آباد: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی امریکا کے جنوبی و وسطی ایشیائی امور کے معاون وزیرِ خارجہ ڈونلڈ لو اور امریکی محکمہ خارجہ کی پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری الزبتھ ہورسٹ سے ملاقات ہوئی۔

ترجمان وزارت خزانہ کے مطابق وزیرخزانہ محمد اورنگزیب اور امریکی حکام کی ملاقات واشنگٹن میں ورلڈ بینک کے ہیڈکوارٹرز میں ہوئی جس میں پاک امریکا تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیر خزانہ نے امریکی عہدیداران کو پاکستان کے اصلاحاتی ایجنڈے پر بریفنگ دی۔ ملاقات میں متبادل توانائی، زراعت، آب وہوا اور ٹیک انڈسٹری کے معاملات پر بھی گفتگو ہوئی۔ وزیرخزانہ نے پاک امریکا اقتصادی شراکت داری کو اپ گریڈ کرنے پر بھی زور دیا۔

وزیرخزانہ نے آئی ٹی، زراعت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقعوں پر بھی گفتگو کی۔ محمد اورنگزیب نے کہا کہ ٹیکس کی بنیادکو وسیع کرنا، توانائی کے شعبےکو ہموار اور نجکاری ترجیح ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان یو ایس انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ فنانس کارپوریشن کے ساتھ مل کر کام کرےگا۔ پاکستان ایگزم بینک کے ساتھ بھی کام کرے گا۔ وزیرخزانہ نے آئی ٹی، زراعت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقعوں پر بھی گفتگو کی۔

اس سے قبل وزیر خزانہ محمداورنگزیب نے پاکستان اسٹاف ایسوسی ایشن آف ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف سے بھی ملاقات کی۔ وزیر خزانہ نے ایسوسی ایشن کو حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کے بارے میں آگاہ کیا۔ ملاقات کے دوران ٹیکس بنیاد وسیع، توانائی شعبے میں اصلاحات، نجکاری، ڈیجیٹلائزیشن، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پر بات چیت ہوئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں