0

ایرانی صدر کی لاہور آمد، مریم نواز نے شاندار استقبال کیا

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی لاہور پہنچ گئے، جہاں انہوں نے مزارِ اقبال پر حاضری دی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ غزہ کے معاملے پر پاکستان کے اصولی مؤقف کو سراہتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ پر مہمان ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا استقبال کیا اور انہیں خوش آمدید کہا۔ بعد ازاں ایرانی صدر مزار اقبال حاضری دینے پہنچے جہاں انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے اس موقع پر کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ عوامی اجتماع سے خطاب کرتا لیکن وجوہات کی بنا پر ایسا نہیں ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کے عوام کے جذبات کی قدر کرتا ہوں اور پاکستان کے عوام کو ایرانی سپریم کمانڈر کی جانب سے سلام پیش کرتا ہوں۔
صدر ابراہیم رئیسی نے کہا کہ علامہ اقبال کی شخصیت بہت اہم ہے، ان کی الہامی صلاحیت نے باطل قوت اور استعمار کے خلاف کھڑا ہونا سکھایا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے عوام اور پاکستان کے عوام کے درمیان انسیت کا رشتہ پایا جاتا ہے۔ غزہ سے متعلق معاملے پر پاکستان کے اصولی مؤقف کو سراہتے ہیں۔ غزہ کی جنگ میں فلسطین کی فتح ہوگی۔
مہمان وفد کی آمد کے موقع پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، سینیٹر پرویز رشید، صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری، وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمٰن، صوبائی وزیر سیکنڈری ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلیمان رفیق، صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین، صوبائی وزیر انڈسٹریز چوہدری شافع حسین، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، لاہور میں تعینات ایرانی قونصل جنرل مہران مواحدفر اور دیگر اس موقع پر موجود تھے۔
ایرانی صدر آج دورۂ لاہور کے دوران شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے مزار پر حاضری کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب اور دیگر حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ وہ نصف دن لاہور میں گزار کر شہر قائد کراچی کے لیے روانہ ہوں گے، جہاں گزشتہ شب سے سکیورٹی انتظامات اور ٹریفک پلان کے تحت تیاریاں مکمل کی جا چکی ہیں۔
ایرانی صدر کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور دیگر حکام سے ملاقاتیں کرنے کے بعد کل واپس روانہ ہو جائیں گے۔ اعلیٰ سطح کے ایرانی وفد کی لاہور اور کراچی آمد کے موقع پر دونوں شہروں میں آج تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے اور سرکاری و نجی اداروں سمیت اسکول، کالجز اور یونیورسٹیوں میں بھی چھٹی کی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں