جکارتہ : سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان نے کینیڈا کو دلچسپ مقابلے کے بعد چار کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے دی ۔
ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں جاری 30ویں اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں گرین شرٹس پہلے کوارٹر سے ہی میچ میں چھائی رہی، یوں پوائنٹس ٹیبل پر قومی ٹیم سرفہرست ہے۔
کینیڈا کی جانب سے شان ڈیوس نے میچ کے پانچویں اور ہربیر سدھو نے 17ویں منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کو دو کی برتری دلا دی ، تاہم میچ کے دوسرے کوارٹر میں ابوبکر محمود نے پیلنٹی کارنرز پر اوپر تلے دو گول کر کے سکور برابر کر دیا۔
میچ کے تیسرے کوارٹر میں پاکستان مکمل طور پرکینیڈا کی ٹیم پرحاوی رہا اور ارشد لیاقت، رانا وحید اشرف اور غضفر علی کے گول کی بدولت پاکستان کو دو کے مقابلے میں پانچ گول کی سبقت حاصل ہوگئی۔
تاہم تیسرے کوارٹر کے آخری لمحات میں شان ڈیوس نے گول کر کے برتری کم کر دی ، چوتھے کوارٹر میں کینیڈا کی جانب سے اوجوت بٹر نے چوتھا گول کر دیا۔
میچ کے اختتام تک پاکستان کو کینیڈا کے چار گول کے مقابلے میں پانچ گول کی برتری حاصل ہوگئی۔
اس سے قبل ٹورنامنٹ میں پاکستان کا جاپان کے خلاف میچ ایک ایک گول سے برابر رہا تھا جبکہ پاکستان نے کوریا اور ملائشیا کے خلاف میچز میں فتح حاصل کی تھی۔
ٹورنامنٹ میں پاکستان اپنا اگلا میچ جمعے کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گا۔
خیال رہے کہ 4 سے 11 مئی تک جاری رہنے والے سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں میزبان ملائشیا، پاکستان، کینیڈا، جاپان، نیوزی لینڈ اور جنوبی کوریا کی ٹیمیں شریک ہیں۔
0