0

بشام حملے میں دہشتگردوں کے تانے بانے افغانستان سے ملتے ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بشام حملے کے میں ملوث دہشت گردوں کے تانے بانےافغانستان سے ملتے ہیں۔
ہفتہ وار میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں واضح کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی میں افغان باشندے ملوث ہیں ۔ ہم افغان انتظامیہ سے توقع کرتے ہیں کہ وہ ان دہشت گرد گروہوں و افراد کے خلاف کارروائی کریں ۔
انہوں نے کہا کہ افغان انتظامیہ افغانستان کی سرزمین پر دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کا خاتمہ کرے۔ ہم افغانستان کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کرتے ہیں ۔ بشام حملے میں ملوث دہشت گردوں کے تانے بانے افغانستان سے ملتے ہیں ۔ جب ہمارے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تفصیلی انٹیلی جنس ڈیٹا موصول ہو گا ہم معاملے کو افغانستان کے ساتھ اٹھائیں گے ۔ دفتر خارجہ کے علاوہ افغانستان سے رابطے کے دیگر چینلز بشمول سکیورٹی ڈومین میں بھی موجود ہیں ۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سیدوو پاکستان کے دورے پر آئے ہیں۔ وہ آج صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کریں گے۔ ازبک وزیر خارجہ عسکری قیادت سے بھی ملاقات کریں گے۔ قطر کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ بھی کل پاکستان پہنچے ہیں، وہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کر رہے ہیں۔ ان مذاکرات کا ایجنڈا علاقائی و عالمی امور، تجارت اور سرمایہ کاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں