اسرائیل مسلسل بمباری کر کے ٹرمپ کے امن منصوبے میں رکاوٹ ڈال رہا ہے ، حماس

غزہ۔فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے ایک نمائندے نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے جاری فضائی حملے اور تباہی امریکی صدر ٹرمپ کے امن منصوبے کے عملدرآمد میں بڑی رکاوٹ ہیں۔

عرب میڈیا سے بات کرتے ہوئے حماس کے رہنما نے انکشاف کیا کہ یرغمالیوں اور ہلاک شدہ افراد کی تفصیلی فہرست ثالثوں کے ذریعے اسرائیل کو پہنچا دی گئی ہے۔ ان کے مطابق اسرائیل بخوبی جانتا ہے کہ حماس کے پاس کتنے قیدی اور لاشیں موجود ہیں۔

حماس رہنما نے بتایا کہ امن منصوبے پر بات چیت تیز رفتار اور جامع انداز میں جاری ہے اور اس کا جلد از جلد مکمل ہونا سب کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ واشنگٹن کو باضابطہ طور پر اطلاع دے دی گئی ہے کہ غیر مسلح ہونے پر اتفاق کرلیا گیا ہے جبکہ اسلحہ عالمی مبصرین کی نگرانی میں منتقل کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا نے یقین دہانی کرائی ہے کہ حماس قیادت کو نشانہ نہیں بنایا جائے گا اور قیادت کا غزہ سے انخلا ان کے اپنے فیصلے پر منحصر ہوگا۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تازہ بیان میں کہا ہے کہ غزہ معاہدہ اسرائیل سمیت عرب اور مسلم دنیا کے لیے ایک تاریخی اور بہترین معاہدہ ثابت ہوگا جس کے ذریعے مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن قائم ہوسکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں