0

پاکستان نے مذہبی تہوار کیلیے 962 بھارتی سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کردیے

لاہور: پاکستان نے مذہبی تہوار کی ادائیگی کیلیے 962 بھارتی سکھ یاتریوں کے ویزے جاری کردیے۔

تفصیلات کے مطابق سکھوں کے پانچویں گورو ارجن دیو جی کا شہیدی دن منانے کے لئے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن نے 962 بھارتی سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کیے ہیں، بھارتی یاتری 8 جون کو واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچیں گے۔

گوروارجن دیو جی کے شہیدی دن کی مرکزی تقریب 16 جون کو گردوارہ ڈیرہ صاحب لاہور میں ہوگی۔
متروکہ وقف املاک بورڈ کے ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز سیف اللہ کھوکھر نے ایکسپریس نیوز کو بتایا بھارتی سکھ یاتریوں کا واہگہ بارڈر پر پرتپاک استقبال کیا جائے گا۔ انہوں نے یاتریوں کا پاکستان میں قیام کا شیڈول بتاتے ہوئے کہا کہ ’’سکھ یاتری کو 8 جون کو واہگہ بارڈر سے حسن ابدال پنجہ صاحب پہنچایا جائیگا جہاں وہ ایک روز قیام کریں گے‘۔

اُن کا کہنا تھا کہ ’10 جون کو بھارتی مہمان گردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب جائیں گے، 11 جون کو گردوارہ سچاسودا فاروق آباد کی یاترا کے بعد واپس ننکانہ صاحب جائیں گے، 12 جون کو یاتری گردوارہ دربار صاحب کرتارپور پہنچیں گے اور وہاں ایک رات قیام کے بعد اگلے دن گردوارہ روڑی صاحب ایمن آباد حاضری دیتے ہوئے گردواراہ ڈیرہ صاحب لاہور پہنچیں گے‘۔

شیڈول کے مطابق شئڈول کے مطابق 16 جون کو بھوگ اکھنڈپاتھ صاحب کی مرکزی تقریب ہوگی۔ مرکزی تقریب میں ملک بھر سے ہزاروں سکھ یاتری بھی شریک ہوں گے اور 17 جون کو واپس لوٹ جائیں گے۔

سیف اللہ کھوکھر نے بتایا بھارتی مہمانوں کے قیام وطعام ، سفر اورسیکیورٹی کے تمام انتظامات مکمل ہیں، تمام متعلقہ محکمے خدمات کی فراہمی کے لئے چوبیس گھنٹے حاضرہوں گے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سکھ یاتریوں کا دوسرا گروپ سکھ مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی منانے کے لئے 21 جون کو واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان آئیگا۔29 جون کو مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کی مرکزی تقریب لاہور میں ان کی سمادھی پر ہوگی اور دوسرا گروپ 30 جون کو واپس لوٹ جائیگا۔

ادھر پاکستان ہائی کمیشن نیودہلی کے مطابق گوروارجن دیو کے شہیدی دن کی تقریبات میں شرکت کے لئے 962 بھارتی یاتریوں کو ویزے جاری کئے گئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں