0

پختونخوا پولیس کیلیے 7.6 ارب سے گاڑیاں و جدید آلات خریدنے کی منظوری

پشاور: پختونخوا کابینہ نے ضم اضلاع کی پولیس کے لیے 7.6 ارب سے گاڑیاں اور جدید آلات خریدنے اور مستحق افراد کے لیے ایک ارب 15 کروڑ روپے کے عید پیکیج سمیت دیگر اسکیموں کی منظوری دے دی۔

وزیراعلیٰ خیبر پخونخوا علی امین گنڈاپور کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں اراکین، چیف سیکرٹری، آئی جی پی اور متعلقہ انتظامی سیکرٹریز نے شرکت کی۔

اجلاس میں صوبے میں مستحق افراد کو عید پیکیج دینے کی منظوری دے دی گئی، اس پیکیج کے تحت صوبائی اسمبلی کے ہر حلقے میں ایک ہزار مستحق افراد کو 10، 10 ہزار روپے دیے جائیں گے۔ اس پیکیج پر 1.15 ارب روپے لاگت آئے گی۔ کابینہ نے 2050 پولیس شہدا کے خاندانوں کو بھی 10، 10 ہزار روپے عید پیکیج دینے کی منظوری دی۔
علاوہ ازیں ضم اضلاع میں پولیس کو گاڑیوں اور دیگر جدید آلات کی فراہمی کے لیے اسکیم کی منظوری دی گئی، جس کے تحت 7.67 ارب روپے کی لاگت سے گاڑیاں اور جدید آلات خریدے جائیں گے۔

کابینہ نے سرکاری محکموں میں بھرتیوں کے لیے نجی ٹیسٹنگ ایجنسیوں سے اسکریننگ ٹیسٹ لینے کے معاملے پر کمیٹی تشکیل دے دی، جو 15 دنوں میں سرکاری ٹیسٹنگ ایجنسیوں کی استعداد بڑھانے سمیت دیگر متعلقہ معاملات پر حتمی سفارشات پیش کرے گی۔

کابینہ اجلاس میں ڈیجیٹل رائٹ آف وے پالیسی کی بھی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس میں پاکستان ڈیجیٹل سٹی کے قیام کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور اسپیشل ٹیکنالوجی زون اتھارٹی کے درمیان معاہدے کی بھی منظوری دی گئی۔ علاوہ ازیں اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر اور ایگزیکٹو کمیٹی ممبران پیڈو کی تعیناتی کے لیے رولز کی منظوری دیدی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں