’مشن امپاسیبل 8‘ نے ریلیز سے قبل ہی 12 ملین ڈالرز کا بزنس کرلیا

لاس اینجلس ۔ہالی ووڈ کے معروف اداکار ٹام کروز کی نئی ایکشن فلم “مشن امپاسیبل 8: دی فائنل ریکننگ” نے امریکہ میں ریلیز ہونے سے پہلے ہی 12 ملین ڈالرز کی شاندار ایڈوانس بکنگ حاصل کر لی ہے۔

رپورٹس کے مطابق فلم کو ابتدائی طور پر 17 مئی کو پانچ بین الاقوامی مارکیٹس — جاپان، جنوبی کوریا، بھارت، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ — میں نمائش کے لیے پیش کیا گیا، جہاں اس نے باکس آفس پر قابلِ ذکر کامیابی حاصل کی۔

میڈیا ذرائع کے مطابق جنوبی کوریا میں فلم نے ویک اینڈ کے دوران ساڑھے سات لاکھ سے زائد ٹکٹوں کی فروخت کے ساتھ 5 ملین ڈالرز کا بزنس کیا، جو کہ اس سال کسی بھی فلم کے لیے ایک ریکارڈ ہے۔

بھارت میں فلم کی کمائی تقریباً 4 ملین ڈالرز رہی، جاپان میں اس نے 2 ملین جبکہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں مجموعی طور پر 1 ملین ڈالرز کا منافع حاصل کیا۔

یہ فلم 23 مئی کو امریکہ سمیت دنیا بھر کے سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی، جبکہ چین میں اس کی نمائش 30 مئی کو متوقع ہے۔ فلمی ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ فلم عالمی سطح پر ایک ارب ڈالرز سے زائد کمانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ شمالی امریکہ میں فلم کی ریلیز کے ابتدائی ویک اینڈ پر تقریباً 100 ملین ڈالرز کی آمدنی کی پیش گوئی کی جا رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں