امریکی انتظامیہ نے ایک شرط کے ساتھ سٹوڈنٹس ویزا پر عائد پابندی اٹھالی

واشنگٹن۔نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے غیر ملکی طالب علموں کے لیے اسٹوڈنٹ ویزا کی معطلی ختم کرتے ہوئے ویزا عمل کو دوبارہ بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم اس کے ساتھ ایک نئی شرط بھی عائد کی گئی ہے۔

محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اب تمام نئے اسٹوڈنٹ ویزا درخواست دہندگان کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس تک مکمل رسائی دینا لازمی ہوگا۔ قونصلر افسران ان درخواست دہندگان کی سوشل میڈیا سرگرمیوں، پوسٹس اور پیغامات کا جائزہ لیں گے تاکہ یہ دیکھا جا سکے کہ آیا وہ امریکا، اس کی حکومت، اقدار، اداروں یا بانی اصولوں کے خلاف کوئی مؤقف تو نہیں رکھتے۔

نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ مئی میں جو ویزا پروسیسنگ عارضی طور پر معطل کی گئی تھی، وہ اب منسوخ کر دی گئی ہے، لیکن نئے امیدواروں کو سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو پبلک رکھنا ہوگا۔ اگر کوئی درخواست دہندہ اس شرط پر عمل کرنے سے انکار کرے تو اس کی درخواست نظرثانی کے بغیر ہی مسترد کی جا سکتی ہے۔

یاد رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے گزشتہ ماہ عارضی طور پر غیر ملکی طلبہ کے نئے ویزا انٹرویوز کا عمل روک دیا تھا، اور اس دوران ان کی آن لائن سرگرمیوں کی نگرانی بڑھانے کی تیاری بھی جاری تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں