اسلام آباد: چئیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن کو احتجاج کرنا ہے تو کے پی میں کریں۔
پیپلزپارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹوزرداری نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ مولانا فضل الرحمان احتجاج کریں مگر احتجاج حقیقت پر مبنی ہونی چاہیے ۔مولانا تحقیقات کریں ان کے لوگ غلط بیانی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اپوزیشن کے احتجاج سے دنیا کو غلط پیغام گیا۔ اپوزیشن کا کل کا احتجاج جمہوری نہیں تھا۔ پارلیمانی دائرے میں اپوزیشن کی تنقید کو ویلکم کرتے ہیں۔
بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ صدر آصف زرداری نے ساتویں بار پارلیمنٹ سے خطاب کرکے تاریخ رقم کی۔ عوام اورکمزور معاشی حالات سے ملک کو نکالنے کے لیے روڈ میپ دیا۔ بدقسمتی سے اپوزیشن نے اپنی الگ تاریخ رقم کی۔
انہوں نے کہا کہ سیاست آپ کا حق ہے تاہم خارجہ پالیسی پر سب کو ایک ہونا چاہیے۔ مشترکہ اجلاس میں موجود سفیر اپنے ممالک کو اپوزیشن کے کردار پر سائفر بھیجیں گے۔