کراچی: بم ڈسپوزل اسکواڈ کا کہنا ہے کہ کراچی میں غیرملکیوں کی گاڑی کے قریب ہونا والا دھماکا خود کش تھا، مارے گئے دو میں سے ایک دہشت گرد کی شناخت ہوگئی جو پنجگور کا رہائشی تھا۔
کراچی کے علاقے لانڈھی میں غیرملکیوں کی گاڑی پرحملے کی رپورٹ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے مرتب کرلی۔ رپورٹ کے مطابق حملے کی جگہ سے خودکش بمبار کا سر اور ٹانگیں ملی ہیں۔ دوسرا حملہ آور پولیس اور سکیورٹی گارڈز کی فائرنگ سے مارا گیا۔ فائرنگ سے ہلاک ہونے والے دہشت گرد سے ایک بیگ برآمد ہوا۔ بیگ میں4 دستی بم ، 3 رافئل گرنیڈ ،3 میگزین ، پانی اور پیٹرول کی ایک ایک بوتل برآمد ہوئی۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ مارے گئے دہشت گرد کی جیکٹ سے ایک دستی بم برآمد ہوا جبکہ ایک دستی بم مارے گئے دہشت گرد کے ہاتھ میں موجود تھا۔ دہشت گرد کی ایس ایم جی پر ایک لانچر لگا ہوا تھا اور ایک رائفل گرنیڈ لانچر میں موجود تھا۔
رپورٹ کے مطابق دہشت گردوں سے مجموعی طور پر6 دستی بم اور 4 لانچر گرنیڈ برآمد ہوئے جبکہ بال بئیرنگ کا ایک ڈبہ بھی موجود تھا۔ تمام دستی بموں اور لانچر گرنیڈ کو ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔
حملے میں مارے گئے دو میں سے ایک دہشت گرد کی شناخت سہیل خان کے نام سے ہوئی، مرنے والا دہشت گرد پنجگور کا رہائشی تھا جس نے آخری بار اپنے موبائل سے کورنگی روڈ قیوم آباد چورنگی سے اپنے ساتھی کو بتانے کے لیے فون کیا تھا کہ میں کورنگی روڈ پر موجود ہوں جس سے احکامات ملنے کے بعد اس نے غیر ملکیوں کی وین کا تعاقب کیا۔
موقع ملتے ہی مانسہرہ کالونی کے علاقے میں اسپیڈ بریکر پر جیسے ہی غیر ملکیوں کی گاڑی آہستہ ہوئی دہشت گردوں نے حملہ کردیا واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی جس میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے دہشت گردوں نے تعاقب کے بعد حملہ کیا پولیس اور غیر ملکیوں کی سیکیورٹی پر مامور جوانوں نے فائرنگ کرکے ایک دہشت گرد کو ہلاک کردیا جبکہ دوسرے دہشت گرد نے خود کو دھماکے کے بعد اڑا لیا۔