لاہور۔سینیئر اداکارہ سلمیٰ ظفر نے حالیہ انٹرویو میں اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق ایک ایسا انکشاف کیا ہے جو نہ صرف چونکا دینے والا ہے بلکہ زندگی کے کئی اہم سبق بھی اپنے اندر سموئے ہوئے ہے۔
ڈرامہ سیریلز نمک حرام، مشک، قرضِ جان اور زیبائش میں اپنی جاندار اداکاری سے پہچان بنانے والی سلمیٰ ظفر نے ایک نجی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں اپنی ذاتی زندگی کے وہ پہلو اجاگر کیے جو اس سے قبل منظرِ عام پر نہیں آئے تھے۔
انھوں نے کہا کہ زندگی میں محبت کے بدلے وفا نہیں ملی، دھوکہ ضرور ملا، لیکن میں نے کبھی امید کا دامن نہیں چھوڑا۔ جب آپ کسی کو دل سے چاہیں اور بدلے میں وہی شدت نہ ملے تو دل ضرور دکھتا ہے، لیکن میں نے صبر اور استقامت کا راستہ چنا۔
سلمیٰ ظفر کے مطابق، شادی کے 18 سال بعد ان کے شوہر نے دوسری شادی کرلی۔ اُس وقت میرے دل پر جو گزری، اسے بیان کرنا مشکل ہے، لیکن میں نے اس فیصلے کو بھی محبت کا ایک رخ سمجھ کر قبول کر لیا۔
انہوں نے کہا، “محبت کا مطلب صرف خوشی کے لمحات بانٹنا نہیں ہوتا، بلکہ تکلیف دہ فیصلوں کو بھی خندہ پیشانی سے سہنا پڑتا ہے۔ میں نے ان کے واپس آنے کا انتظار کیا، اور وہ وقت آیا جب میرے شوہر نے دوسری بیوی کو طلاق دے کر میرے پاس واپس آنا مناسب سمجھا۔”
اداکارہ نے مزید کہا کہ انہوں نے کبھی اس دوسری خاتون کے لیے دل میں بغض یا نفرت نہیں رکھی، نہ بددعا دی، نہ ہی اس کے طلاق یافتہ ہونے میں میرا کوئی کردار تھا۔ میں نے صرف صبر کا دامن تھامے رکھا۔
سلمیٰ ظفر کی یہ گفتگو نہ صرف ان کے جذبات کی گہرائی کو ظاہر کرتی ہے بلکہ محبت، صبر، اور معافی جیسے قیمتی جذبات کی سچی تصویر بھی پیش کرتی ہے۔











