صدر میکرون پھر شرمندہ، خاتونِ اول نے ویتنام کے بعد لندن میں بھی ہاتھ نہ تھاما، ویڈیو دیکھیں

فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون ایک مرتبہ پھر سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گئے، جب برطانیہ کے تین روزہ سرکاری دورے کے آغاز پر ان کی اہلیہ، خاتون اول بریژیت میکرون نے طیارے سے اترتے ہوئے ان کا ہاتھ تھامنے سے گریز کیا۔

یہ مختصر لمحہ کیمروں کی آنکھ نے محفوظ کر لیا، اور سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا، جس کے بعد ایک بار پھر دونوں کے باہمی تعلقات پر چہ مگوئیاں شروع ہو گئیں۔ اگرچہ شاہی پروٹوکول اور پرتپاک استقبال جاری تھا، لیکن ایوانِ صدر کے اس ذاتی لمحے نے سب کی توجہ اپنی طرف مبذول کر لی۔

واقعے کے مطابق، جیسے ہی صدر میکرون نے طیارے کی سیڑھیوں پر اہلیہ کی جانب ہاتھ بڑھایا، بریژیت نے اسے نظر انداز کر دیا اور بغیر کسی جھجھک کے آگے بڑھ گئیں۔

اسی روز ایک اور ناخوشگوار صورتحال اس وقت پیش آئی جب صدر میکرون کا قافلہ ونزر کاسل سے روانہ ہو رہا تھا۔ ایک سرکاری گاڑی کا دروازہ اور پچھلا حصہ کھلا رہ گیا، اور گاڑی تیز رفتاری سے چل پڑی، جس کے نتیجے میں صدر کے سامان کے بیگ سڑک پر گر گئے۔ سکیورٹی اہلکار پیچھے بھاگتے رہے، مگر قافلہ بغیر رکے آگے بڑھتا رہا۔ حتیٰ کہ ایک اور گاڑی بھی کھلے دروازے کے ساتھ ہجوم میں دوڑتی نظر آئی۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ خاتون اول کا رویہ سوشل میڈیا پر زیرِ بحث آیا ہو۔ مئی میں ویتنام کے دورے کے دوران بھی طیارے سے اترتے وقت بریژیت میکرون نے مبینہ طور پر صدر کے چہرے پر ہاتھ مارا تھا، جسے انٹرنیٹ صارفین نے ‘تھپڑ’ کا نام دیا۔ بعد ازاں صدر میکرون نے اس واقعے کو ہنسی مذاق قرار دے کر وضاحت پیش کی تھی۔

ان حالیہ واقعات نے ایک بار پھر صدر میکرون کے ذاتی و سیاسی انداز کو میڈیا اور عوام کی نگاہوں کا مرکز بنا دیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں