کراچی؛ عدالتی حکم پر فلیٹ خالی کروانے جانے والی ٹیم کو اداکارہ کی 2 ہفتے پرانی لاش ملی

کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) میں ایک فلیٹ سے 32 سالہ معروف ماڈل اور اداکارہ حمیرا اصغر علی کی لاش برآمد ہوئی ہے۔

پولیس اسٹیشن گزری کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ یہ لاش تقریباً دو ہفتے پرانی ہے۔

پولیس کے مطابق، حمیرا اصغر 2018 سے مذکورہ فلیٹ میں تنہا کرایہ دار کے طور پر مقیم تھیں، تاہم انہوں نے 2024 سے کرایہ ادا نہیں کیا تھا۔

فلیٹ کے مالک نے اداکارہ کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی ہوئی تھی، جس کے بعد بیلف فلیٹ خالی کروانے کے لیے پہنچا۔ کئی بار دروازہ کھٹکھٹانے کے باوجود اندر سے کوئی جواب نہ ملنے پر تالا توڑ کر فلیٹ میں داخل ہوا، جہاں اداکارہ کی لاش موجود تھی۔

پولیس کے مطابق، ابتدائی تحقیقات میں موت کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی۔ لاش کو ضروری قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جب کہ ابھی تک کسی قریبی رشتہ دار نے رابطہ نہیں کیا۔

پولیس سرجن ڈاکٹر سمیہ سید کا کہنا ہے کہ لاش کافی حد تک سڑ چکی ہے، مگر حیرت کی بات یہ ہے کہ اردگرد کے رہائشیوں یا ٹیم کو بدبو محسوس نہیں ہوئی۔

کرائم سین یونٹ نے جائے وقوعہ سے تمام ضروری شواہد جمع کر لیے ہیں، اور واقعے کی تفصیلی تفتیش جاری ہے۔

اہلِ محلہ کے مطابق، حمیرا اصغر علی نہ صرف ماڈلنگ اور اداکاری سے وابستہ تھیں بلکہ فٹنس ٹرینر کے طور پر بھی سرگرم تھیں۔ وہ مارننگ شوز میں فٹنس ٹپس دیا کرتی تھیں اور مختلف رئیلیٹی شوز کے ساتھ چند ڈراموں میں چھوٹے کردار بھی ادا کر چکی تھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں