لاہور۔ابھرتی ہوئی اداکارہ زارا نور عباس نے حال ہی میں سوشل میڈیا پر خواتین سے ایک سنجیدہ اور ہمدردانہ پیغام شیئر کیا ہے۔
اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں زارا نے اپیل کی کہ خواتین عمر بڑھنے کی فطری حقیقت کو قبول کریں اور جوان نظر آنے کے جنون میں خود کو خطرناک دواؤں یا مصنوعی طریقوں کا نشانہ نہ بنائیں۔
اداکارہ نے واضح کیا کہ وزن گھٹانے، رنگ گورا کرنے یا عمر چھپانے کے لیے استعمال کی جانے والی ادویات اور علاج وقتی فائدہ تو دے سکتے ہیں، مگر ان کے مضر اثرات خطرناک ہو سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمر کا بڑھنا ایک خوبصورت اور قدرتی عمل ہے، جس سے گھبرانے یا چھپانے کے بجائے اسے وقار کے ساتھ اپنانا چاہیے۔ انہوں نے خواتین پر زور دیا کہ ظاہری خوبصورتی کے بجائے اپنی ذہانت، علم اور خوداعتمادی کو ترجیح دیں۔
زارا نور عباس نے لکھا کہ خودنمائی یا صرف خوبصورتی کی نمائش وقتی ہوتی ہے، جبکہ اصل طاقت انسان کی سوچ اور شعور میں ہوتی ہے۔
یہ پیغام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حال ہی میں بھارتی اداکارہ، 42 سالہ شیفالی کی غیر متوقع موت نے اینٹی ایجنگ ادویات کے استعمال سے جڑے خطرات پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ رپورٹس کے مطابق شیفالی نے اپنی موت سے کچھ دیر قبل اینٹی ایجنگ انجکشن لگوایا تھا، جس کے نتیجے میں ان کا بلڈ پریشر تشویشناک حد تک گر گیا۔
زارا نور عباس کا پیغام نہ صرف ایک مثبت طرزِ فکر کی دعوت ہے بلکہ خواتین کو خود سے محبت، شعور اور اصل خوبصورتی کی طرف لوٹنے کی یاد دہانی بھی ہے۔











