متوفیہ اداکارہ حمیرا اصغر کا بہنوئی سامنے آگیا، پولیس کا لاش حوالے کرنے سے انکار

کراچی: ڈیفنس فیز 6 میں واقع ایک رہائشی اپارٹمنٹ سے ملنے والی اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر علی کی لاش بہنوئی کے دعوے کے باوجود پولیس نے قانونی تقاضوں کے تحت حوالگی سے انکار کر دیا ہے۔

متوفیہ کے مبینہ بہنوئی نے گزری تھانے سے رابطہ کیا اور اپنا تعارف کراتے ہوئے لاش حوالے کرنے کی درخواست کی۔ تاہم پولیس نے اس درخواست کو قانون کے مطابق مسترد کرتے ہوئے کہا کہ لاش صرف خونی رشتہ دار کو ہی دی جا سکتی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ متعلقہ شخص کو تھانے بلایا گیا ہے اور اسے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی قریبی خونی رشتہ دار، جیسے والد، بہن، بھائی یا بیٹے وغیرہ کو ساتھ لائے تاکہ قانونی تقاضے پورے کیے جا سکیں۔

یاد رہے کہ ایس ایس پی ویسٹ کی جانب سے دی گئی ابتدائی معلومات کے مطابق اداکارہ کی لاش ممکنہ طور پر 6 ماہ پرانی ہے۔ شواہد سے معلوم ہوتا ہے کہ فلیٹ میں موجود فریج میں رکھی اشیا خراب ہو چکی تھیں، اور آخری مرتبہ اداکارہ کی فون کال ستمبر 2024 میں کی گئی تھی، جس کے بعد سے کسی بھی قسم کی کالنگ یا رابطے کا کوئی سراغ نہیں ملا۔

پولیس ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اداکارہ نے گزشتہ چار ماہ سے بجلی کا بل ادا نہیں کیا تھا، جس کے نتیجے میں ان کے فلیٹ کی بجلی منقطع کر دی گئی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں