کراچی: اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر کے اہل خانہ نے کراچی آ کر ان کی لاش وصول کرنے سے انکار کر دیا ہے، جس کے باعث پولیس کو قانونی کارروائی میں رکاوٹ کا سامنا ہے۔
ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی کے مطابق، پولیس نے حمیرا کے مکان مالک سے ان کا رابطہ نمبر حاصل کیا، جس کی سی ڈی آر (کال ڈیٹا ریکارڈ) نکال کر ان کے والد اور بھائی سے رابطہ کیا گیا۔ تاہم، والد نے کراچی آنے سے صاف انکار کر دیا۔
ایس ایس پی کے مطابق، حمیرا کے والد کا مؤقف تھا کہ انہوں نے تقریباً ڈیڑھ سے دو سال قبل بیٹی سے تعلق ختم کر دیا تھا۔ پولیس نے انہیں قائل کرنے کی کوشش کی کہ وہ آ کر لاش وصول کریں، لیکن وہ دوبارہ پولیس سے رابطے میں نہیں آئے۔
ایس ایس پی مہزور علی نے کہا کہ ہم اہل خانہ کو قائل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ قانونی تقاضے پورے کیے جا سکیں۔ پولیس کو متوفیہ کے دو موبائل فون بھی ملے ہیں، جن کا ڈیٹا حاصل کیا جا رہا ہے تاکہ موت کے اسباب کا سراغ لگایا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر پوسٹ مارٹم یا کیمیکل معائنے میں کوئی غیر معمولی بات سامنے آتی ہے تو مقدمہ درج کیا جائے گا، اور موت کی حتمی وجہ انہی رپورٹس کے بعد طے ہو سکے گی۔
مہزور علی کا کہنا تھا کہ ترجیح ہوگی کہ مقدمہ حمیرا کے لواحقین کی مدعیت میں درج کیا جائے، تاہم اگر وہ انکار کریں تو پولیس خود مدعی بن کر مقدمہ درج کرے گی۔
ایس ایس پی نے یہ بھی بتایا کہ اب تک شوبز انڈسٹری سے کسی نے پولیس سے رابطہ نہیں کیا، جبکہ پڑوسیوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے حمیرا کو طویل عرصے سے عمارت میں آتے جاتے نہیں دیکھا۔ وہ عام طور پر کسی سے میل جول بھی نہیں رکھتی تھیں اور ان کے پاس ذاتی گاڑی بھی نہیں تھی۔
مزید برآں، حمیرا گزشتہ سال 2024 سے مکان مالک کو کرایہ ادا نہیں کر رہی تھیں، جس پر ان کے خلاف قانونی کارروائی بھی جاری تھی۔
یاد رہے کہ اداکارہ حمیرا اصغر “تماشا گھر” کے پہلے سیزن میں کنٹسٹنٹ کے طور پر شریک ہو کر عوام میں مقبول ہوئی تھیں۔











