اسلام آباد۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کو ہر قیمت پر فتنۂ ہندوستان اور اس کے مددگاروں سے پاک کیا جائے گا۔
بلوچستان میں مسافروں کے بہیمانہ قتل کی سخت مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں نے بس سے اتار کر نہتے شہریوں کو بے رحمی سے شہید کیا، جو کہ فتنۂ ہندوستان کی پاکستان میں خونریزی کی بھیانک سازش کا حصہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فتنۂ ہندوستان پاکستان میں انتشار، فساد اور بدامنی کو فروغ دینا چاہتا ہے، لیکن ہم اپنی سرزمین کو اس سازش اور اس کے سہولت کاروں سے ہر صورت میں محفوظ بنائیں گے۔
صدر مملکت نے کہا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے بلوچستان واقعے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہلِ خانہ سے گہرے رنج و غم، ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا۔











