دبئی ۔تاجکستان سے تعلق رکھنے والے سوشل میڈیا سینسیشن اور بھارتی ریئلٹی شو “بگ باس” سے شہرت پانے والے عبدو روزق کو دبئی ایئرپورٹ پر گرفتار کرلیا گیا۔
عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق، 21 سالہ عبدو روزق کو دبئی ایئرپورٹ پر سیکیورٹی اہلکاروں نے مبینہ طور پر چوری کے شبہے میں حراست میں لیا۔
صرف 100 سینٹی میٹر قد کے حامل عبدو روزق، جو تاجکستان کے شہری ہیں، اس وقت دبئی میں گولڈن ویزا پر مقیم ہیں۔
چھوٹے قد کے گلوکار اور انٹرنیٹ پر معروف شخصیت عبدو روزق مونٹی نیگرو سے واپس دبئی پہنچے تھے، جہاں ایئرپورٹ پر اُنہیں روک لیا گیا۔
اس واقعے پر عبدو روزق کی ٹیم یا دبئی کے کسی سرکاری ادارے کی جانب سے کوئی وضاحت یا ردعمل سامنے نہیں آیا، اور نہ ہی تاجکستان کی حکومت نے اس حوالے سے کوئی بیان جاری کیا ہے۔
عبدو روزق کی ٹیم سے وابستہ ایک فرد نے بتایا کہ اُنہیں باقاعدہ طور پر کچھ نہیں بتایا گیا، البتہ ہمیں معلوم ہوا ہے کہ گرفتاری چوری کے الزام کی بنیاد پر کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ عبدو روزق نے بھارتی ریئلٹی شو “بگ باس” کے 16 ویں سیزن میں شرکت کے بعد ایشیائی ممالک میں بھی کافی مقبولیت حاصل کی تھی۔











