لاہور۔اداکارہ حمیرا کی لاش کو تقریباً 8 سے 10 ماہ بعد آخرکار دفن ہونے کا موقع ملا۔ ان کی لاش انتہائی خراب حالت میں چند روز قبل برآمد ہوئی تھی۔
42 سالہ ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر علی کی تدفین لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن کے قبرستان میں عمل میں آئی، جس میں ان کے قریبی رشتہ داروں کے علاوہ چند محلے داروں نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق، اداکارہ سے آخری بار سوشل میڈیا یا فون پر رابطہ ستمبر 2024 میں ہوا تھا، جب کہ ان کے فلیٹ سے برآمد ہونے والی اشیاء کی میعاد بھی انہی دنوں کی نکلی۔
اس بنیاد پر اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ ان کا انتقال 8 سے 10 ماہ قبل ہوچکا تھا۔ ان کی لاش اس قدر بگڑ چکی تھی کہ گلنے سڑنے کے آخری مراحل میں داخل ہو چکی تھی۔
حمیرا کا شمار اُن فنکاروں میں ہوتا تھا جنہوں نے ماڈلنگ، اداکاری، اور فنونِ لطیفہ میں نام کمایا۔ وہ 2018 میں لاہور سے کراچی منتقل ہوئی تھیں اور ڈیفنس میں ایک کرائے کے فلیٹ میں اکیلی رہائش پذیر تھیں۔
اداکارہ حمیرا ایک باصلاحیت مصورہ اور فٹنس ٹرینر ہونے کے ساتھ ساتھ سنسنی خیز کرتبوں کی دلدادہ بھی تھیں۔
ان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے، جس میں انہیں 16 ہزار فٹ کی بلندی سے طیارے سے چھلانگ لگاتے اور فضاء میں آزادانہ غوطے لگاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو کے ساتھ دیا گیا کیپشن کچھ یوں تھا:”اگر ہم اپنے خوابوں کو آزاد چھوڑ دیں تو وہ آسمانوں کو چھو سکتے ہیں۔ اپنی خواہشات کو حقیقت میں بدلنے کے لیے آسمان سے اپنی زندگی کا نیا آغاز کریں!”
ایک اور پوسٹ میں انہوں نے لکھا تھا:”116 ہزار فٹ کی بلندی سے 160 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے فری فال —یہ سب خود پر اعتماد، نظم و ضبط، تجربے اور خطرات سے نبرد آزما ہونے کی ہمت کا کھیل ہے!”











