لاہور۔ کرکٹ کے میدان میں نئی تاریخ رقم ہو گئی ہے، فٹبال کی عالمی شناخت رکھنے والے ملک اٹلی نے پہلی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ میں رسائی حاصل کر لی ہے۔ یہ پہلا موقع ہوگا جب اٹلی کسی بھی طرز کے کرکٹ ورلڈکپ میں شرکت کرے گا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ دی ہیگ میں کھیلے گئے اہم میچ میں اٹلی کو نیدرلینڈز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا، لیکن اس کے باوجود نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر اٹلی نے ٹورنامنٹ کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ نیدرلینڈز نے 135 رنز کا ہدف باآسانی حاصل کر کے نہ صرف فتح حاصل کی بلکہ خود بھی ورلڈکپ کے لیے جگہ پکی کر لی۔
دوسری جانب اسکاٹ لینڈ، جو پچھلے چار ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپس میں مسلسل شریک رہا، اس بار حیران کن طور پر جرسی کے ہاتھوں آخری گیند پر شکست کھا کر ایونٹ سے باہر ہو گیا۔ جرسی نے ایک وکٹ سے کامیابی حاصل کر کے بڑا اپ سیٹ کیا، مگر نیدرلینڈز کی جانب سے اٹلی کو ہرائے جانے کے بعد وہ بھی ورلڈکپ میں جگہ نہ بنا سکے۔
اٹلی اور جرسی دونوں کے پوائنٹس پانچ تھے، تاہم بہتر نیٹ رن ریٹ اٹلی کے کام آ گیا، جس کی بنیاد پر اس نے 2026 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں تاریخی طور پر اپنی جگہ پکی کرلی۔
یہ کامیابی یورپ میں کرکٹ کے بڑھتے ہوئے رجحان کی بھی عکاسی کرتی ہے اور مستقبل میں دیگر غیر روایتی کرکٹ ممالک کے لیے بھی حوصلہ افزا ثابت ہو سکتی ہے۔











