کمپیوٹر پر جی میل استعمال کرنے والوں کیلیے زبردست اے آئی فیچر متعارف

اسلام آباد ۔انٹرنیٹ کی بڑی کمپنی گوگل نے اپنی مشہور ای میل سروس جی میل میں صارفین کی سہولت کے لیے ایک نیا اور جدید اے آئی فیچر متعارف کروا دیا ہے۔

اب جی میل کے ویب ورژن میں ایک ایسا کارآمد فیچر شامل کیا گیا ہے، جس کی مدد سے طویل ای میل تھریڈز کا خلاصہ (سمری) خود بخود تیار ہوگا، اور صارف ایک ہی کلک سے تمام اہم معلومات ایک نظر میں دیکھ سکے گا۔

یہ فیچر مئی 2025 میں پہلے آئی او ایس اور اینڈرائیڈ ایپ صارفین کے لیے جاری کیا گیا تھا، اور اب اس کی کامیابی کے بعد ویب پلیٹ فارم پر بھی اسے فعال کر دیا گیا ہے۔

نئی اپڈیٹ کے تحت، طویل ای میل تھریڈز کا خلاصہ براہ راست ای میل کے اوپر نمایاں طور پر دکھائی دے گا، جس سے صارفین کو کسی بھی گفتگو کی اہم تفصیلات فوری طور پر دستیاب ہوں گی۔

گوگل کا مصنوعی ذہانت پر مبنی اسسٹنٹ ای میل تھریڈ میں موجود مختلف پیغامات کا نچوڑ نکال کر انہیں جامع انداز میں پیش کرے گا۔

یہ دلچسپ فیچر خودکار طریقے سے ہر نئے پیغام کے اضافے کے ساتھ سمری کو اپڈیٹ کرتا رہے گا، تاکہ صارفین کو ہمیشہ تازہ ترین معلومات فراہم ہوتی رہیں۔

اس کے علاوہ گوگل نے اپنے اے آئی ماڈیول “جیمینائی” میں ایک نیا سائیڈ پینل بھی شامل کر دیا ہے، جس کی بدولت کسی بھی ای میل کی سمری ایک کلک پر تیار کی جا سکتی ہے، جس سے صارفین کی پروڈکٹیویٹی میں مزید بہتری آئے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں