اسلام آباد ۔آج منگل سے ملک بھر میں شدید بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 15 سے 17 جولائی کے دوران پنجاب، خیبرپختونخوا، اسلام آباد، کشمیر، گلگت بلتستان، شمال مشرقی بلوچستان اور جنوبی سندھ کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار اور شدید بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔
بارشوں کے باعث چترال، دیر، سوات، شانگلہ، مانسہرہ، مری، گلیات، کوہستان، ایبٹ آباد، بونیر، صوابی، نوشہرہ، مردان، اسلام آباد، راولپنڈی، ڈی جی خان، بالائی پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان اور کشمیر کے مقامی یا برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ موجود ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث خیبرپختونخوا، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بھی پیش آ سکتے ہیں، جس کے نتیجے میں ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان، خانیوال، ساہیوال، لودھراں، مظفر گڑھ، کوٹ ادو، تونسہ، راجن پور، بہاولپور، نوشہرہ اور پشاور کے نشیبی علاقے زیر آب آ سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے آندھی اور تیز ہواؤں کے باعث کمزور انفراسٹرکچر جیسے بجلی کے کھمبے، درخت، گاڑیاں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے، جب کہ کھڑی فصلیں بھی متاثر ہو سکتی ہیں۔
پیر کے روز خیبرپختونخوا، پنجاب، کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، شمال مشرقی اور جنوبی بلوچستان، جبکہ بالائی سندھ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ اسی طرح منگل کے روز بھی اکثر مقامات پر یہی صورتحال برقرار رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، اسلام آباد، زیریں سندھ، خیبرپختونخوا، شمال مشرقی و جنوبی بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ کئی علاقوں میں موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی۔
بارش کے نمایاں اعداد و شمار درج ذیل ہیں:
پنجاب: اوکاڑہ 158 ملی میٹر، ساہیوال 71، ڈی جی خان 51، بہاولنگر 39، کوٹ ادو 33، لاہور (واسا اسٹیشنز میں 40 سے 11 ملی میٹر تک مختلف علاقوں میں)، مری 32، خانپور 13، بھکر 09، فیصل آباد 06، جھنگ 06
اسلام آباد: سید پور 32، بوکرا 28، گولڑہ 12
سندھ: حیدرآباد (سٹی 53، ایئرپورٹ 50)، جیکب آباد 02
خیبرپختونخوا: سیدو شریف 28، کالام 17، مالم جبہ 15، تخت بائی 13، ڈی آئی خان 08، پشاور 01
بلوچستان: بارکھان 13، ژوب 09، سبی 05
گلگت بلتستان: استور 11
کشمیر: مظفرآباد (ایئرپورٹ 03، شہر 02)
ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔ بعض علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہی جہاں تربت میں درجہ حرارت 44 ڈگری اور حیدرآباد و شہید بینظیر آباد میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ندی نالوں سے دور رہیں، اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔











