نئی دہلی ۔مشہور بھارتی ماڈل سان ریچل گاندھی نے مالی بحران کی وجہ سے اپنی جان لے لی۔
26 سالہ ماڈل سان ریچل گاندھی نے اپنے گھر میں مبینہ طور پر نیند کی گولیاں کھا کر خودکشی کرلی۔ ریچل کو ماضی میں مختلف بیوٹی پیجنٹس میں نمایاں اعزازات ملے تھے، جن میں “مس بیسٹ ایٹیٹیوڈ 2019″، “مس ڈارک کوئین تامل ناڈو 2019” اور “کوئین آف مدراس 2022” شامل ہیں۔
اس کے علاوہ، سان ریچل نے 2023 میں “مس افریقا” کے عالمی مقابلے میں بھارت کی نمائندگی بھی کی تھی۔ بتایا جا رہا ہے کہ وہ حالیہ دنوں میں شدید مالی مسائل کا شکار تھیں اور اپنے کیریئر کو آگے بڑھانے کے لیے کچھ دن قبل اپنے زیورات فروخت کرنے پر مجبور ہو گئی تھیں۔
خودکشی سے قبل، سان ریچل نے ایک نوٹ تحریر کیا جس میں گزارش کی گئی کہ ان کی موت کا ذمہ دار کسی کو نہ ٹھہرایا جائے۔ ذرائع کے مطابق، انہوں نے اپنے والد سے مالی امداد کی درخواست کی تھی، لیکن والد نے اپنے بیٹے کی کفالت کا حوالہ دیتے ہوئے مدد کرنے سے معذرت کرلی تھی۔
مزید برآں، پولیس نے واقعے کی مختلف زاویوں سے چھان بین شروع کر دی ہے اور چونکہ ماڈل شادی شدہ تھیں، اس لیے ان کی ذاتی زندگی کے معاملات کو بھی تفتیش کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔











