پی ٹی آئی کو سیاسی جماعت ڈکلیئر کرنے کیلیے پشاور ہائیکورٹ میں رِٹ دائر

پشاور۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا، علی امین گنڈاپور نے پاکستان تحریک انصاف کو باقاعدہ سیاسی جماعت تسلیم کروانے کے لیے پشاور ہائیکورٹ میں رِٹ پٹیشن دائر کر دی۔

یہ درخواست معروف وکیل قاضی انور ایڈووکیٹ کے ذریعے جمع کرائی گئی، جس میں وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کو فریق بنایا گیا ہے۔ پٹیشن میں الیکشن رولز 2017 کے قاعدہ نمبر 94(4) کو چیلنج کیا گیا ہے۔

درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مذکورہ رول کے مطابق اگر کسی جماعت کے پاس انتخابی نشان نہ ہو، تو اسے سیاسی جماعت نہیں مانا جائے گا، جب کہ الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت کسی پارٹی کی شناخت کے لیے انتخابی نشان لازمی شرط نہیں ہے۔

درخواست میں یہ نکتہ بھی اٹھایا گیا ہے کہ 2017 کے الیکشن رولز، الیکشن ایکٹ میں دی گئی سیاسی جماعت کی تعریف سے مطابقت نہیں رکھتے، اور قانونی لحاظ سے قواعد و ضوابط کو قانون (ایکٹ) پر فوقیت نہیں دی جا سکتی۔ اسی اصول کے تحت الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے امیدواروں کو آزاد امیدوار تصور کیا، جو درست نہیں۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن ایکٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف ایک رجسٹرڈ سیاسی جماعت ہے، اور سپریم کورٹ کے 13 رکنی فل بینچ کی جانب سے بھی پی ٹی آئی کو سیاسی جماعت تسلیم کیا جا چکا ہے۔ اس بنا پر الیکشن کمیشن کے پاس یہ اختیار نہیں ہے کہ وہ پی ٹی آئی کے امیدواروں کو غیر جماعتی یا آزاد قرار دے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں