اسلام آباد ۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے ایک اور اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے انڈیکس کی نئی بلند ترین سطح حاصل کر لی۔
کاروباری ہفتے کے آخری روز حصص بازار کا آغاز 1773 پوائنٹس کی شاندار تیزی کے ساتھ ہوا، جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس بڑھ کر 1,40,439 پوائنٹس کی نئی بلند سطح پر پہنچ گیا۔
یاد رہے کہ ایک روز قبل بھی سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بدولت ریکارڈ لین دین دیکھنے میں آیا تھا، جس کے نتیجے میں انڈیکس 1,38,000 پوائنٹس کی حد عبور کر گیا تھا۔
ماہرین کے مطابق پی ایس ایکس میں حالیہ تیزی کی بنیادی وجوہات میں پالیسیوں میں تسلسل، معاشی اشاریوں میں بہتری اور سرمایہ کاروں کا بڑھتا ہوا اعتماد شامل ہے۔ مارکیٹ کے موجودہ رجحان کو دیکھتے ہوئے اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ انڈیکس مزید بلند سطح تک پہنچ سکتا ہے۔
ہفتے کے آغاز میں اسٹاک مارکیٹ میں غیر معمولی بہتری پر ردعمل دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ اسٹاک ایکسچینج کا تاریخی مقام تک پہنچنا کاروباری طبقے کے اعتماد کا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ مثبت معاشی اعداد و شمار حکومتی پالیسیوں کی درست سمت کو ظاہر کرتے ہیں، اور ملک میں سازگار کاروباری ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان معاشی استحکام کے بعد ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے، اور حکومت ملکی ترقی و عوامی فلاح کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔











