مریم نواز سے بنگلہ دیشی ہائی کمشنر کی ملاقات، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے پاکستان میں تعینات بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر اقبال حسین خان نے ملاقات کی۔اس ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان باہمی روابط، تجارتی شراکت، صنعتی ترقی اور زرعی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش ایک ہی شجر کی دو شاخیں ہیں، جن کی جڑیں مشترکہ تاریخ اور ثقافتی ورثے میں پیوست ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت، بنگلہ دیش کی گارمنٹس انڈسٹری، مائیکروفنانس ماڈلز اور خواتین کی عملی شمولیت کو سراہتی ہے۔

وزیراعلیٰ نے “ویمن فرسٹ” ایجنڈے کے تحت خواتین کی زیر قیادت صنعتی شعبوں اور ڈیجیٹل مہارتوں کو فروغ دینے والے پروگراموں میں اشتراک کو خوش آئند قرار دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب اور بنگلہ دیش کے درمیان زراعت اور غذائی تحفظ کے میدان میں اشتراک کی وسیع گنجائش موجود ہے۔ جنوری 2025 میں طے پانے والے ایم او یو کے تحت پنجاب، بنگلہ دیش کو 50 ہزار ٹن اعلیٰ معیار کا چاول برآمد کر چکا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ فارماسیوٹیکل اور میڈیکل آلات کے شعبوں میں پنجاب، عالمی معیار کی لیبارٹریز، معیاری سرجیکل مصنوعات اور سستی مشترکہ برانڈنگ کی سہولیات فراہم کر سکتا ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش کی طرف سے ویزا پالیسی میں نرمی، معائنے کے عمل کو آسان بنانے اور ڈھاکہ ایئرپورٹ پر سکیورٹی ڈیسک کے خاتمے جیسے اقدامات، باہمی اعتماد کی عکاسی کرتے ہیں۔ لاہور اور ڈھاکہ میں پاکستان-بنگلہ دیش جوائنٹ چیمبر آف کامرس کے قیام کو بھی انہوں نے خوش آئند قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیشی سرمایہ کاروں کو ون ونڈو بزنس سینٹرز کے ذریعے مکمل سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ “ویژن 2030: ویمن فرسٹ” سمٹ میں شرکت ہمارے لیے اعزاز ہے۔ یہ صرف ایک رسمی ملاقات نہیں بلکہ مشترکہ اقدار، باہمی احترام اور پائیدار مستقبل کی شراکت داری کی بنیاد ہے۔

اس موقع پر بنگلہ دیشی ہائی کمشنر نے وزیراعلیٰ مریم نواز کے عوامی فلاحی منصوبوں اور ترقیاتی وژن کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں