ہانیہ عامر کے بعد عمران اشرف کی بھی بھارتی پنجابی فلم ریلیز کےلیے تیار

نئی دہلی ۔پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اور باصلاحیت اداکار عمران اشرف عالمی سطح پر اپنی فنی مہارت کا مظاہرہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔

عمران اشرف جلد بھارتی پنجابی فلم ’’اینا نوں رہنا سہنا نئی آوندا‘‘ میں بطور مرکزی اداکار جلوہ گر ہوں گے، جو ان کی بھارتی پنجابی فلم انڈسٹری میں پہلی فلم ہوگی۔ فلم کے پروڈیوسرز کے مطابق، اس کا عالمی پریمیئر 22 اگست 2025 کو متوقع ہے۔

اس فلم کی ہدایت کاری روپن بال نے کی ہے جبکہ اس کی کہانی سریندر اروڑا نے تحریر کی ہے۔ اس منصوبے کا اعلان اُس وقت سامنے آیا جب دلجیت دوسانجھ اور ہانیہ عامر کی فلم “سردار جی 3” نے پاکستان اور بھارت دونوں میں شاندار کامیابی حاصل کی۔

عمران اشرف نے فلم کا آفیشل ٹریلر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کیا، جسے مداحوں کی جانب سے بے حد پسند کیا جا رہا ہے۔ 6.7 ملین فالورز رکھنے والے عمران اشرف کے پرستار نہ صرف ان کے ڈراموں کا شدت سے انتظار کرتے ہیں بلکہ اس فلم کی خبر کو بھی خوشی کا باعث قرار دے رہے ہیں۔

معروف پاکستانی اداکار دانش تیمور نے بھی عمران اشرف کو سوشل میڈیا پر مبارکباد دی اور لکھا: “گڈ لک ہیرو!” مداحوں نے بھی سوشل میڈیا پر اپنے پسندیدہ اداکار کی اس پیش رفت کو سراہا۔ ایک صارف نے لکھا:
“گڈ لک عمران اشرف! ہانیہ کے بعد اب ایک اور پاکستانی فنکار ہمیں عالمی سطح پر فخر دلائیں گے۔”
جبکہ ایک اور مداح نے ہنسی کے انداز میں تبصرہ کیا:
“اب تو انڈینز پھر وہی شور مچائیں گے جیسے ‘سردار جی 3’ کے بعد مچایا تھا!”

عمران اشرف کے چاہنے والے اس بات پر نہایت پُرجوش ہیں کہ ان کا پسندیدہ اداکار بھارتی پنجابی فلم انڈسٹری میں قدم رکھنے جا رہا ہے، اور امید ظاہر کر رہے ہیں کہ وہ پاکستانی فنکاروں کی عالمی سطح پر پذیرائی اور عزت میں مزید اضافہ کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں