رباط :مراکش کے دارالحکومت رباط میں ہزاروں افراد نے غزہ کے مظلوم عوام سے یکجہتی اور اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاجی مارچ کیا۔
مظاہرین فلسطینی جھنڈے تھامے سڑکوں پر نکل آئے اور غزہ میں جاری ظلم و بربریت کے خلاف آواز بلند کی۔ ریلی میں شریک عوام نے اسرائیل مخالف شدید نعرے لگائے اور مراکش کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کے ساتھ تمام سفارتی روابط ختم کیے جائیں۔
مظاہرین نے زور دیا کہ غزہ کا محاصرہ فوری طور پر ختم کیا جائے، جنگ بندی کو یقینی بنایا جائے، اور فلسطینی شہریوں کو فوری امداد فراہم کی جائے۔
یہ مظاہرہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں غزہ میں انسانی المیہ سنگین صورت اختیار کر چکا ہے، اور دنیا بھر میں فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کے مظاہرے شدت اختیار کر رہے ہیں۔











