بلوچستان میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کے سفاکانہ قتل کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد شوبز سے وابستہ شخصیات نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی، جس میں چند افراد کو ایک خاتون اور مرد کو قتل کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جن پر بظاہر محبت کی شادی کرنے کا الزام تھا۔
ڈان اخبار کے مطابق یہ واقعہ مبینہ طور پر عیدالاضحیٰ کے آس پاس پیش آیا اور اسے ’غیرت کے نام پر قتل‘ قرار دیا جا رہا ہے۔
قتل سے قبل مقتولہ نے قاتلوں سے براہوی زبان میں کہا کہ ’تمہیں مجھے گولی مارنے کی اجازت ہے، لیکن اس سے زیادہ کچھ نہیں‘، اس نے یہ بھی کہا کہ اسے سات قدم چلنے دیا جائے، جس کے بعد اسے مبینہ طور پر اس کے بھائی نے تین گولیاں مار کر قتل کیا اور پھر اس کے شوہر کو بھی قتل کر دیا گیا۔
اس افسوسناک واقعے پر مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی جانب سے افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے اور شوبز شخصیات بھی اس واقعے پر انتہائی افسردہ ہیں۔
اداکارہ حرا خان نے انسٹاگرام پر لکھا کہ امید ہے کہ جن لوگوں نے یہ قتل اپنی آنکھوں کے سامنے ہوتے دیکھا ہے، ان کے پاس خدا کے سامنے سوال و جواب کے وقت کے لیے جواب تیار ہوگا، خدا کرے کہ تم سب جہنم میں جاؤ۔











