اداکارہ و ماڈل علیزے شاہ نے چار سال بعد برائیڈل فیشن ویک کے دوران گرنے کے واقعے پر نیا دعویٰ کیا ہے کہ گلوکارہ شازیہ منظور نے انہیں جان بوجھ کر گرانے اور بار بار نامناسب انداز میں ہاتھ لگانے کی کوشش کی۔
سال 2021 میں علیزے شاہ کی برائیڈل فیشن ویک میں ریمپ واک کے دوران گرنے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔
ویڈیو میں دیکھا گیا تھا کہ علیزے شاہ کے گرنے کے بعد شازیہ منظور انہیں اٹھا کر سائیڈ پر لے جاتی ہیں۔
مذکورہ ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد علیزے شاہ نے اس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ دراصل ان کے اور شازیہ منظور کے درمیان کنفیوژن تھی، جس کی وجہ سے وہ گر پڑیں۔
بعدازاں انہوں نے شازیہ منظور کی جانب سے ریسکیو کرنے پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا تھا اور کہا تھا کہ انہوں نے انتہائی اچھے طریقے سے انہیں سنبھالا اور سہارا دیا۔
اسی ویڈیو پر گلوکارہ شازیہ منظور نے بھی ردعمل کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ علیزے نے عروسی لباس زیب تن کر رکھا تھا، جب ہم واپس مڑے تو اس کا پاؤں پھسل گیا اور انہوں نے اسے اٹھایا، پرفارمنس چل رہی تھی لیکن اس لمحے کو لوگوں نے کافی انجوائے کیا۔
حال ہی میں علیزے شاہ نے انسٹاگرام پر چار سال بعد اس واقعے پر مختلف ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
ماڈل و اداکارہ نے کہا کہ انہیں سیدھی طرف جانا تھا لیکن شازیہ منظور نے انہیں زبردستی کھینچا اور پھر ویڈیو کو غور سے دیکھیں کہ وہ ان کے ساتھ کیا کر رہی ہیں۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ انہیں سمجھ نہیں آ رہا کہ وہ انہیں کیوں اٹھانے کی کوشش کر رہی ہیں؟ انہیں چھوڑ دیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس پورے فیشن شو کے دوران شازیہ منظور نے کئی بار کمر سے نیچے انہیں ہاتھ لگایا اور گلوکارہ مسلسل یہی کوشش کر رہی تھیں کہ وہ کسی نہ کسی طریقے سے گر جائیں۔
علیزے شاہ نے بتایا کہ انہوں نے برائیڈل لباس کے نیچے جوگرز پہنے ہوئے تھے، اس لیے ایسا ممکن ہی نہیں تھا کہ وہ ریمپ پر اس طرح سے گر جائیں۔
ان کا یہ کہنا تھا کہ شازیہ منظور نے دیگر شوز میں جنت مرزا اور جگن کاظم سمیت دیگر فنکاروں کو گرا کر بھی ان کا مذاق اُڑایا۔











