لاس اینجلس۔ہالی ووڈ میں انجلینا جولی اور جانی ڈیپ کی خفیہ ملاقاتوں نے مداحوں کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، ہالی ووڈ کے دو معروف اداکار، جانی ڈیپ اور انجلینا جولی ایک بار پھر خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں، تاہم اس بار اس کی وجہ کوئی نئی فلم نہیں بلکہ ان کی “پرچھپی ملاقاتیں” ہیں، جنہوں نے شوبز حلقوں میں ایک نیا موضوع چھیڑ دیا ہے۔
فلم ’دی ٹورسٹ‘ میں ایک ساتھ جلوہ گر ہونے کے بعد پیدا ہونے والی جوڑی کی کیمسٹری ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق، یہ دونوں مشہور فنکار لندن اور لاس اینجلس کے اعلیٰ درجے کے ہوٹلوں، نجی سوئٹس اور خفیہ کلبوں میں اکٹھے دیکھے گئے ہیں۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ جانی ڈیپ نہ صرف انجلینا جولی سے پھر سے قربت اختیار کر رہے ہیں بلکہ وہ اس تعلق کو ایک “سنجیدہ محبت” میں بدلنے کے خواہشمند ہیں۔
قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ جانی اپنے دوستوں سے صاف لفظوں میں اظہار کر چکے ہیں کہ وہ برسوں سے انجلینا کے لیے اپنے دل میں خاص جذبات رکھتے ہیں۔
دوسری جانب، انجلینا جولی بھی جانی ڈیپ کی “پُراسرار اور باوقار شخصیت” سے گہرا اثر لیتی نظر آتی ہیں۔
ذرائع کے مطابق، انجلینا کا ماننا ہے کہ جانی ان معدودے چند افراد میں شامل ہیں جن کے ساتھ وہ خود کو مکمل اور محفوظ محسوس کرتی ہیں۔
یہ تمام صورت حال ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب انجلینا جولی نے بریڈ پٹ سے طویل قانونی کارروائی کے بعد 2024 کے اختتام پر باقاعدہ علیحدگی حاصل کی، جبکہ جانی ڈیپ بھی ایمبر ہیرڈ کے ساتھ عدالتوں کے طویل تنازع کے بعد کافی عرصے سے تنہا زندگی گزار رہے ہیں۔
اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا یہ “خفیہ ملاقاتیں” محض وقتی ہیں یا شوبز دنیا کو ایک نئی رومانوی جوڑی جلد نظر آنے والی ہے؟











