نئی دہلی ۔رومان، گٹار کی دھن، اور زندگی و موت کی کشمکش میں لپٹی فلم ‘سیارہ’ نے ریلیز کے ساتھ ہی باکس آفس پر دھوم مچا دی ہے۔
موہت سوری کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم میں آہان پانڈے اور انیت پڈا نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں، اور دلچسپ امر یہ ہے کہ دونوں فنکاروں نے اسی فلم سے اپنے فلمی سفر کا آغاز کیا ہے۔
ریلیز کے ابتدائی ہفتے کے اختتام پر فلم ‘سیارہ’ نے عالمی سطح پر 13.80 ملین ڈالرز کا بزنس کیا، جس میں سے 2 ملین ڈالرز صرف بیرون ملک سے حاصل ہوئے۔
یہ اعداد و شمار اس بات کا واضح اشارہ ہیں کہ اگر اسکرپٹ مضبوط ہو، کردار جذبات سے بھرپور ہوں، اور ہدایتکار کی گرفت کہانی پر ہو، تو بالکل نئے اداکار بھی بڑی اسکرین پر دھاک بٹھا سکتے ہیں۔
حیران کن طور پر، فلم نے بالی ووڈ کے روایتی پروموشنل حربے مکمل طور پر چھوڑ دیے۔ نہ کسی کانفرنس کی گہما گہمی، نہ ریڈ کارپٹ کی چمک دمک، اور نہ ہی انٹرویوز کی بھرمار۔
اس کے باوجود فلم کو سپورٹ ضرور ملی — اننیا پانڈے کا آنکھوں میں آنسو لیے فلم کی حمایت کرنا، عالیہ بھٹ کا ایک جذباتی پوسٹ شیئر کرنا، اور کرن جوہر کا ایک دل چھو لینے والا تبصرہ — ان تمام لمحات نے فلم کے تاثر کو مزید گہرا کر دیا۔
اسی دوران ایک وائرل ویڈیو نے بھی سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا دیا، جس میں ایک شخص آئی وی ڈرپ لگوائے فلم دیکھنے کی ضد کر رہا ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ یہ سب اتفاقی تھا، مگر باخبر ذرائع کے مطابق یہ ایک ذہین مارکیٹنگ حکمتِ عملی تھی — یعنی پروموشن ایسا ہو کہ پروموشن دکھائی نہ دے، لیکن اثر رکھتا ہو۔
فلم کی کامیابی میں اس کی کہانی کا بھی بڑا ہاتھ ہے۔ کہانی کے مطابق، کرش (آہان پانڈے) ایک لاپروا لیکن باصلاحیت موسیقار ہے، اور وانی (انیت پڈا) ایک خاموش مزاج، خوابوں میں کھوئی صحافت کی طالبہ ہے۔ دونوں کی محبت اس وقت کٹھن موڑ لیتی ہے جب وانی کو early-onset Alzheimer’s کی بیماری لاحق ہو جاتی ہے۔
کچھ ناظرین نے فلم کی کہانی کو ‘The Fault in Our Stars’ اور 2004 کی کورین فلم ‘A Moment to Remember’ سے مشابہ قرار دیا ہے، اور بعض حلقوں نے مماثلت کے باعث نقل کا الزام بھی عائد کیا ہے۔
تاہم فی الحال تو فلم ‘سیارہ’ کی کامیابی کا جشن جاری ہے، اور انتظار ہے کہ جیسے جیسے وقت گزرے گا، اس ‘جینیئس مارکیٹنگ’ کے مزید رازوں سے بھی پردہ اٹھے گا۔











