میر پور۔پاکستان نے بنگلا دیش کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 74 رنز سے شکست دے کر سیریز میں وائٹ واش سے بچاؤ کر لیا۔
میرپور میں کھیلے گئے تین میچوں کی سیریز کے آخری مقابلے میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بنگلا دیش کو 180 رنز کا ہدف دیا، جس کے تعاقب میں میزبان ٹیم صرف 104 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
بنگلا دیش کی جانب سے محمد سیف الدین 35 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے، جبکہ دیگر بیٹرز مکمل طور پر ناکام دکھائی دیے۔ مہدی حسن میراز اور محمد نعیم نے 10، 10 رنز بنائے، جبکہ نسُم احمد 9، کپتان لٹن داس 8، تسکین احمد اور شریف الاسلام 7، 7 رنز تک محدود رہے۔ شمیم حسین نے 5، جاکر علی نے 1 رن اسکور کیا، جبکہ مہدی حسن اور تنزید حسن بغیر کھاتہ کھولے پویلین واپس لوٹے۔
پاکستان کی جانب سے سلمان مرزا نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ فہیم اشرف اور محمد نواز نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ احمد دانیال، حسین طلعت اور سلمان آغا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں، پاکستان نے بنگلا دیش کی دعوت پر بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 179 رنز بنائے۔
پاکستان کی اننگز میں صاحبزادہ فرحان 63 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر نمایاں بیٹر رہے۔ حسن نواز نے 33، محمد نواز نے 27، جبکہ صائم ایوب نے 21 رنز اسکور کیے۔ دیگر کھلاڑیوں میں محمد حارث 5، فہیم اشرف 4 اور حسین طلعت 1 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کپتان سلمان آغا 12 اور عباس آفریدی 1 رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
بنگلا دیش کی باؤلنگ میں تسکین احمد نے 3 وکٹیں حاصل کیں، نسُم احمد نے 2، جبکہ محمد سیف الدین اور شریف الاسلام نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔











