پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما شبلی فراز کے خلاف ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے ہیں۔

یہ پیشرفت لاہور کینٹ کچہری میں اس مقدمے کی سماعت کے دوران ہوئی، جو اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر پولیس پر حملے سے متعلق درج کیا گیا تھا۔

سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ سہیل رفیق نے کی، جنہوں نے شبلی فراز کے خلاف ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا تحریری حکم نامہ بھی جاری کیا۔

اسی مقدمے میں عدالت نے عمران خان کو بھی طلب کیا ہے، اور چونکہ وہ اس وقت جیل میں قید ہیں، لہٰذا ان کے لیے سمن بذریعہ جیل حکام (روبکار) بھیجے گئے ہیں۔

عدالت نے کیس کی اگلی سماعت کے لیے 30 جولائی کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔

یاد رہے کہ تھانہ ریس کورس میں اسلام آباد پولیس پر حملے کے الزام میں یہ مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں