معروف ٹک ٹاکر ربیکا خان نے عمرے کی ادائیگی کے دوران لی گئی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد تنقید کرنے والوں کو دو ٹوک جواب دے دیا ہے، اور مشورہ دیا ہے کہ کسی پر تنقید کرنے سے پہلے کم از کم دس بار ضرور سوچا جائے۔
ربیکا خان ان دنوں اپنے شوہر حسین ترین کے ہمراہ سعودی عرب میں عمرہ کی سعادت حاصل کر رہی ہیں، جہاں سے انہوں نے سوشل میڈیا پر متعدد تصاویر اور ویڈیوز شیئر کیں۔
ان کی کچھ وائرل ویڈیوز میں دیکھا گیا کہ ربیکا اور ان کے شریکِ حیات عمرے کے دوران سیلفی لے رہے ہیں اور کوئی ان کی ویڈیوز بھی ریکارڈ کر رہا ہے، جس پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا۔
تنقید کے جواب میں ربیکا خان نے انسٹاگرام اسٹوری پر ایک مختصر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اور حسین ترین تین مرتبہ عمرہ ادا کر چکے ہیں اور ان کے تمام امور بخیر و خوبی انجام پا رہے ہیں۔
انہوں نے تنقید کرنے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کسی پر انگلی اٹھانے سے قبل یہ ضرور سوچ لینا چاہیے کہ آپ کس مقام پر موجود ہیں اور کیا کہنے جا رہے ہیں۔
ربیکا نے مزید کہا کہ وہ اپنے خلاف نازیبا تبصروں پر کسی کو برا بھلا نہیں کہتیں بلکہ اپنے تمام معاملات اللہ تعالیٰ پر چھوڑتی ہیں، تاہم ان کے بقول، دوسروں کی نیت جانے بغیر کوئی بھی منفی بات کرنا مناسب نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دوسروں کے بارے میں رائے دینے سے پہلے ہر فرد کو اپنے الفاظ اور نیت کا جائزہ لینا چاہیے، کیونکہ کسی کی نیت کا علم صرف اللہ کو ہوتا ہے۔











