پاکستانی شوبز انڈسٹری ایک مرتبہ پھر خبروں کی زینت بن گئی ہے، جب معروف اداکارہ علیزے شاہ نے اپنے ساتھ پیش آئے غیر پیشہ ورانہ رویے کے خلاف لب کشائی کرتے ہوئے سینئر شخصیات شازیہ منظور، جگن کاظم اور یاسر نواز پر سنگین نوعیت کے الزامات عائد کیے۔ ان الزامات کے بعد میزبان و اداکارہ جگن کاظم نے باقاعدہ طور پر علیزے شاہ سے معذرت کی، جسے سوشل میڈیا پر خوب پذیرائی حاصل ہوئی۔
یہ تنازع اُس وقت شدت اختیار کر گیا جب علیزے شاہ نے ایک ویڈیو پیغام میں دعویٰ کیا کہ برائیڈل کوچر ویک 2021 کے دوران ان کا ریمپ پر گرنا محض اتفاقیہ نہیں تھا، بلکہ گلوکارہ شازیہ منظور نے انہیں جان بوجھ کر دھکا دیا تاکہ یہ منظر سوشل میڈیا پر وائرل ہو۔ علیزے نے مزید الزام عائد کیا کہ اس ناخوشگوار واقعے کے بعد جگن کاظم نے ان کے گرنے پر طنز کیا، جس سے انہیں شدید ذہنی اذیت پہنچی۔
اپنے بیان میں علیزے شاہ نے کہا، “شازیہ منظور کی حرکت نے مجھے جسمانی نقصان پہنچایا اور جگن کاظم کا مذاق اُڑانا میرے لیے جذباتی صدمے کا باعث بنا۔ اس طرح کی باتیں عوام کے سامنے شرمندگی کا سبب بنتی ہیں۔”
اس معاملے کے ردعمل میں، جگن کاظم نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو جاری کی جس میں انہوں نے نہایت انکساری کے ساتھ علیزے شاہ سے دل سے معافی مانگی۔
انہوں نے ویڈیو میں کہا، “علیزے بیٹا، تم میرے بیٹے جتنی ہو۔ اگر میری کسی بات یا ویڈیو سے تمہیں دکھ پہنچا ہے تو میں سچے دل سے معذرت خواہ ہوں۔ مجھے اندازہ نہیں تھا کہ وہ پرانی ویڈیو تمہارے لیے تکلیف دہ ثابت ہو گی۔”
جگن کاظم نے وضاحت دی کہ وہ ویڈیو تقریباً چار سال پرانی تھی اور اس کا مقصد کسی کو نیچا دکھانا ہرگز نہیں تھا۔ انہوں نے کہا، “میں ہمیشہ اپنی کوتاہیوں پر معافی مانگتی ہوں، چاہے وہ قریبی ہوں یا اجنبی۔ اگر مجھے معلوم ہوتا کہ آپ کو رنج پہنچا ہے، تو میں فوراً معذرت کر لیتی، کیونکہ اگر کسی کو ہم سے دکھ پہنچے تو فوراً معافی مانگنا ہمارا اخلاقی فریضہ بنتا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا، “چونکہ یہ مسئلہ عوامی سطح پر اٹھایا گیا، اس لیے میں بھی علی الاعلان آپ سے معذرت کر رہی ہوں۔”
جگن کاظم کی معذرت بھرپور انداز میں سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بن گئی۔ بہت سے صارفین نے ان کے اس قدم کو سراہتے ہوئے کہا کہ حالانکہ وہ براہ راست قصوروار نہیں تھیں، لیکن ایک سینئر آرٹسٹ کا اپنی غلطی تسلیم کرنا اور دل سے معافی مانگنا اُن کے اعلیٰ کردار اور اخلاقی حوصلے کی علامت ہے۔











