معروف ماڈل نے فلم پریمیئر پر پروڈیوسر کی چپل سے دھلائی کردی

ممبئی: بھارتی فلم “سو لانگ ویلی” کے پروڈیوسر کرن سنگھ پر ماڈل و اداکارہ روچی گُجر نے مبینہ طور پر 23 لاکھ روپے کے فراڈ کا الزام عائد کیا ہے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق، ممبئی پولیس نے تصدیق کی ہے کہ جمعہ کی شب فلم کے پریمیئر کے دوران روچی گُجر نے اسٹیج پر کرن سنگھ کو چپل دے ماری۔ اس واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئیں۔

پولیس کے مطابق، اس واقعے سے ایک دن پہلے اوشیوارا پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ایف آئی آر میں کئی دفعات شامل کی گئی ہیں جو فراڈ اور دھوکہ دہی سے متعلق ہیں۔

روچی گُجر کی شکایت میں الزام لگایا گیا ہے کہ کرن سنگھ نے اُن سے 23 لاکھ روپے یہ کہہ کر وصول کیے تھے کہ انہیں ایک ٹی وی فلم پروجیکٹ میں شامل کیا جائے گا، منافع میں حصہ دیا جائے گا اور اسکرین پر کریڈٹ بھی ملے گا۔ تاہم، ماڈل کے مطابق، یہ وعدے پورے نہیں کیے گئے، جس کے بعد انہوں نے قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا۔

پولیس نے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے اور شواہد جمع کیے جا رہے ہیں۔ حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ قانون کے مطابق اقدامات کیے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں