ایف آئی اے گوجرانوالہ زون کی انسانی اسمگلنگ کے خلاف جاری کارروائیوں کے دوران 5 انسانی اسمگلروں کو گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزمان میں رفاقت، شبریز، محمد صدیق، محمد یاسین اور قاسم شاہین شامل ہیں، جنہیں گوجرانوالہ اور گجرات کے مختلف علاقوں سے حراست میں لیا گیا۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان سادہ لوح شہریوں کو غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھجوانے کے جھانسے دے کر بھاری رقوم بٹورنے میں ملوث تھے۔ ملزم رفاقت اور شبریز نے ایک شہری کو اٹلی بھجوانے کے لیے 24 لاکھ روپے وصول کیے، مگر اسے اٹلی کے بجائے کرغیزستان بھجوا دیا، جہاں سے متاثرہ شہری واپس پاکستان آ گیا۔
اسی طرح ملزم محمد صدیق نے ایک اور شہری سے اسپین بھجوانے کے وعدے پر 20 لاکھ روپے سے زائد رقم وصول کی، جبکہ ملزم محمد یاسین نے 6 لاکھ 45 ہزار روپے سے زائد رقم لے کر بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دیا۔ ملزم قاسم شاہین نے برطانیہ بھجوانے کے لیے شہری سے 40 لاکھ روپے ہتھیائے۔
تمام ملزمان شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہے اور رقوم بٹورنے کے بعد روپوش ہو گئے تھے۔ ایف آئی اے نے ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔











