آئی فون کی فولڈ ایبل ڈیوائس سے متعلق اہم معلومات لیک!

اسلام آباد ۔ٹیکنالوجی کی معروف کمپنی ایپل کے بارے میں قیاس آرائیاں زور پکڑتی جا رہی ہیں کہ وہ آئندہ سال فولڈ ایبل اسمارٹ فون کیٹیگری میں داخل ہونے کا ارادہ رکھتی ہے۔

چین کے مشہور سوشل میڈیا پلیٹ فارم وائیبو پر موجود ایک معروف لیکر، ڈیجیٹل چیٹ اسٹیشن (DCS)، نے مبینہ طور پر ایپل کے فولڈ ایبل آئی فون – جس کا حتمی نام تاحال طے نہیں کیا گیا – کی اسکرین کے سائز سے متعلق تفصیلات جاری کر دی ہیں۔

ان لیکس کے مطابق، فولڈ ایبل ڈیوائس کی اندرونی اسکرین کا سائز تقریباً 7.7 انچ ہوگا، جبکہ بیرونی (کور) اسکرین 5.5 انچ کی متوقع ہے۔ اس تناسب سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ ڈیوائس موجودہ اینڈرائیڈ فولڈ ایبل فونز سے مختلف نوعیت کی ہو سکتی ہے۔

ڈیجیٹل چیٹ اسٹیشن کی جانب سے اس تفصیل کے ساتھ یہ بات بھی دہرائی گئی ہے کہ مذکورہ ڈیوائس 2026 میں متوقع طور پر مارکیٹ میں پیش کی جائے گی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی یہ رپورٹ سامنے آ چکی ہے کہ ایپل کی فولڈ ایبل ڈیوائس اب تک پروٹو ٹائپ کے تجرباتی مرحلے میں ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں