وزیراعظم نے شاہ زیب رند کے والد کو 50 لاکھ روپے کا چیک دے دیا

وزیراعظم شہباز شریف سے معروف مکسڈ مارشل آرٹس (ایم ایم اے) فائٹر شاہزیب رند کے والد خیرمحمد نے ملاقات کی۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اس ملاقات میں وزیراعظم نے شاہزیب رند کے لیے 50 لاکھ روپے کا چیک پیش کیا اور ان کی آئندہ کامیابیوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

واضح رہے کہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے شاہزیب رند نے حال ہی میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر اپنے ایک پیغام میں حکومت سے انعامی رقم نہ ملنے پر ناراضی ظاہر کی تھی۔

انہوں نے کہا تھا کہ پاکستانی سیاستدان بدعنوان ہیں، اور اگرچہ وزیراعظم شہباز شریف نے ماضی میں ان کے لیے 50 لاکھ روپے نقد انعام اور ٹریننگ کیمپ و دیگر اخراجات کے لیے آٹھ کروڑ روپے کی امداد کا اعلان کیا تھا، لیکن انہیں اب تک ایک روپیہ بھی نہیں ملا۔

اس ردِ عمل کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے شاہزیب رند سے مخاطب ہوتے ہوئے ایک ٹویٹ میں وضاحت دی کہ بظاہر یہ ایک غلط فہمی کا نتیجہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ اس غیر ضروری تاخیر پر معذرت خواہ ہیں۔ شاہزیب جیسے کھلاڑی ہمارے اصل ہیرو ہیں جنہوں نے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا۔ حکومت ان کی قربانیوں اور کامیابیوں کو دل سے سراہتی ہے۔

عطا اللہ تارڑ نے مزید بتایا کہ وزیراعظم نے اس معاملے کا سنجیدگی سے نوٹس لیا ہے اور یقین دہانی کروائی ہے کہ اس مسئلے کو فوری طور پر حل کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے ہدایت جاری کی ہے کہ آئندہ اس نوعیت کی کوتاہی نہ دہرائی جائے۔

قابل ذکر ہے کہ شاہزیب رند نے بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے متعدد فتوحات سمیٹی ہیں۔ ستمبر 2024 میں انہوں نے سنگاپور میں ہونے والی کراٹے کامبیٹ چیمپئن شپ جیت کر پاکستان کو پہلا عالمی چیمپئن بنانے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ اس سے قبل اپریل 2024 میں دبئی میں منعقدہ 45 کلوگرام کیٹیگری کے مقابلے میں انہوں نے بھارتی حریف رانا سنگھ کو 2-1 سے شکست دی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں