معروف کاروباری جریدے بلومبرگ نے انکشاف کیا ہے کہ امریکا نے 15 سال کے بعد پہلی بار برطانیہ میں اپنے جوہری ہتھیار دوبارہ تعینات کر دیے ہیں۔
بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق، ایک امریکی فوجی طیارہ نیو میکسیکو کے ایئربیس سے برطانیہ پہنچا ہے، جو بی61-12 تھرمو نیوکلیئر بم لے کر آیا۔ یہ بم امریکا کے جدید ترین جوہری ہتھیاروں میں شمار کیے جاتے ہیں اور 2008 کے بعد یہ پہلی بار ہے کہ ایسے ہتھیار برطانیہ میں نصب کیے گئے ہیں۔
رپورٹ میں ایک سابق نیٹو عہدیدار کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ طیارے کے ٹرانسپورٹ ریکارڈ کو آن رکھنا دراصل روس کے لیے ایک پیغام تھا۔ ان کے مطابق، برطانوی فضائی اڈے پر امریکی جوہری ہتھیاروں کی تعیناتی کو معمولی واقعہ نہیں سمجھا جا سکتا۔
بلومبرگ کا کہنا ہے کہ امریکا اور برطانیہ دونوں نے اس جوہری ہتھیاروں کی منتقلی کی نہ تصدیق کی ہے اور نہ تردید۔
رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ برطانیہ 12 نئے ایف 35 اے طیارے حاصل کر رہا ہے، جو امریکی بی61-12 بم لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔











