لاس اینجلس اولمپکس 2028 میں مردوں کے کرکٹ مقابلے کے لیے پاکستان اور نیوزی لینڈ کی شرکت غیر یقینی صورتحال کا شکار ہو گئی ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کوالیفائی کرنے کے لیے علاقائی بنیادوں پر مبنی نظام اپنانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت برطانیہ کو براہ راست داخلہ ملے گا۔
بھارت، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور امریکا بھی بغیر کسی کوالیفائر کے براہ راست ایونٹ میں شامل ہوں گے، جب کہ امریکا میزبان ملک ہونے کے باعث لازمی طور پر شریک ہوگا۔
اس نئے نظام کے مطابق ایشیا، اوشیانا، یورپ اور افریقہ کے اعلیٰ درجہ بندی والے ممالک کو اولمپکس میں شرکت کی اجازت دی جائے گی۔
اگرچہ نیوزی لینڈ عالمی درجہ بندی میں چوتھی پوزیشن پر موجود ہے، تاہم اوشیانا ریجن میں آسٹریلیا کی بہتر عالمی پوزیشن کے سبب نیوزی لینڈ ممکنہ طور پر ایونٹ سے باہر ہو سکتا ہے۔ اسی طرح ایشیائی خطے میں بھارت کی برتری دیگر ایشیائی ممالک، خصوصاً پاکستان، کے لیے رکاوٹ بن سکتی ہے۔
ادھر خواتین کے ایونٹ کے لیے کوالیفائی کرنے کا عمل ممکنہ طور پر 2026 کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے ذریعے طے کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ لاس اینجلس گیمز کے ذریعے 128 سال بعد کرکٹ کی اولمپکس میں واپسی ہو رہی ہے، جو کھیل کے عالمی سطح پر فروغ کے لیے ایک تاریخی موقع تصور کیا جا رہا ہے۔











