طلاق یافتہ کہلائے جانے کے خوف سے 16 سال ناپسندیدہ شادی میں گزار دیئے؛ نازلی نصر

اسلام آباد ۔ڈراما “دھواں” سے شہرت پانے والی سینئر اداکارہ نازلی نصر نے حالیہ انٹرویو میں اپنی ذاتی زندگی، بالخصوص پہلی شادی اور 16 سال بعد ہونے والی طلاق کے حوالے سے بے تکلف گفتگو کی۔

نازلی نصر نے بتایا کہ ان کی زندگی میں کچھ ہی لوگ اہمیت رکھتے ہیں، جن میں ان کے بچے اور موجودہ شوہر شامل ہیں، تاہم ایک وقت ایسا بھی آیا جب وہ اپنی زندگی کے فیصلوں کو لے کر شدید ذہنی الجھن میں مبتلا تھیں۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ پہلی شادی کے بعد شوہر کی خواہش پر انہوں نے شوبز چھوڑ دیا تھا۔ یہ رشتہ ان کی مرضی کے خلاف تھا، لیکن اسے نبھانے کے لیے انہوں نے 16 سال تک بھرپور کوشش کی۔

نازلی نصر نے مزید کہا کہ شادی کے ابتدائی دنوں میں ہی یہ احساس ہو گیا تھا کہ یہ تعلق کامیاب نہیں ہوگا، لیکن اس وقت یہی سمجھ نہ آ سکی کہ کیا فیصلہ کیا جائے یا کیسے زندگی کو آگے بڑھایا جائے۔ اسی کشمکش میں زندگی کا ایک قیمتی حصہ گزر گیا۔

اداکارہ نے بتایا کہ اب وہ اپنی بیٹی اور دیگر نوجوان لڑکیوں کو یہی مشورہ دیتی ہیں کہ اگر آپ کسی رشتے میں خوش نہیں ہیں، تو بہتر ہے کہ وقت ضائع کیے بغیر آگے بڑھنے کا فیصلہ کریں، کیونکہ ناپسندیدہ تعلق صرف زندگی کا قیمتی وقت چھین لیتا ہے۔

نازلی نصر کا کہنا تھا کہ شوبز انڈسٹری سے وابستہ افراد کے لیے طلاق اور دوسری شادی کو سماجی طور پر قبول کروانا آسان نہیں ہوتا، کیونکہ معاشرہ تنقید کرتا ہے اور بچوں پر بھی اس کے منفی اثرات پڑ سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ نازلی نصر کی پہلی شادی سابق اداکار اور ریڈیو ہوسٹ حسن سومرو سے ہوئی تھی، جن سے ان کے دو بچے ہیں، جو اس وقت امریکا میں مقیم ہیں۔ اداکارہ نے اپنی دوسری شادی 2013 میں کی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں