پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ روبینہ اشرف کا اداکارہ علیزے شاہ سے متعلق ایک منفی تبصرہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے، جس پر مداحوں کی جانب سے شدید ردِعمل دیکھنے میں آ رہا ہے۔
واضح رہے کہ علیزے شاہ حالیہ دنوں میں انڈسٹری میں اپنے خلاف سازشوں اور بدسلوکی کے خلاف آواز بلند کرنے کے باعث خبروں کی زینت بنی ہوئی ہیں۔ ایسے میں روبینہ اشرف کا پرانا ویڈیو کلپ منظر عام پر آنا، ایک نئی بحث کو جنم دے چکا ہے۔
اس وائرل ویڈیو میں روبینہ اشرف، عید اسپیشل ٹیلی فلم “چاند رات اور چاندنی” پر تبصرہ کرتے ہوئے علیزے شاہ کی اداکاری پر کڑی تنقید کرتی ہیں۔ ان کے الفاظ کچھ یوں تھے:
“علیزے شاہ میرے لیے ہر ڈرامے میں صفر ہیں، نہ وہ میک اپ سے نکلتی ہیں، نہ لپ اسٹک سے، نہ ہی کردار میں ڈھلتی ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ اداکارہ کو ملنے والا کریڈٹ دراصل مصنف اور ہدایتکار کا مرہونِ منت ہوتا ہے۔
اس کلپ کے وائرل ہونے کے بعد علیزے شاہ کے مداحوں اور متعدد سوشل میڈیا صارفین نے روبینہ اشرف پر ذاتی تعصب اور اداکارہ کو ذہنی دباؤ میں ڈالنے کا الزام لگایا ہے۔ لوگوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ ایک سینئر فنکار کی جانب سے ایسا رویہ نوجوان اداکاراؤں کے لیے مایوس کن اور حوصلہ شکن ہو سکتا ہے۔
متعدد صارفین نے علیزے کی کھل کر حمایت کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ انہیں مزید ہراساں نہ کیا جائے اور ان کی حوصلہ افزائی کی جائے، کیونکہ وہ پہلے ہی کئی مشکل حالات سے گزر رہی ہیں۔
یہ تنازعہ ایک بار پھر اس بحث کو زندہ کر رہا ہے کہ شوبز انڈسٹری میں سینئر اور جونیئر فنکاروں کے تعلقات کس نوعیت کے ہونے چاہییں، اور تنقید اور توہین کے درمیان فرق کیسے کیا جائے۔











