لاہور۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کیلئے پہلی خاتون پائلٹ ندا صالح کی تقرری پر مسرت اور افتخار کا اظہار کیا ہے۔
اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ندا صالح کو اس کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی اور ان کے روشن مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری بیٹیاں کسی بھی میدان میں پیچھے نہیں، ہم خواتین کو برابر کے مواقع فراہم کرنے کا عمل جاری رکھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ندا صالح جیسی باہمت خواتین ہمارے معاشرے کا سرمایہ ہیں، ان کی تعیناتی نہ صرف خواتین کی قابلیت کو تسلیم کرنے کا عملی ثبوت ہے بلکہ یہ خواتین کو قومی ترقی کے سفر میں آگے بڑھنے کی ترغیب بھی ہے۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت تمام شعبوں میں خواتین کو نمایاں مقام دینے کیلئے مؤثر اقدامات کر رہی ہے اور یہ کامیابی اسی کا ایک قابلِ فخر مظہر ہے۔











