بابا وانگا کی جولائی 2025 میں بڑی قدرتی آفت کی پیشگوئی بھی سچ ہوگئی؟

اسلام آباد ۔جاپان اور روس کے درمیان حالیہ شدید زلزلے اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی سونامی کی لہروں نے جاپانی نجومی ریو تاتسوکی کی پرانی پیش گوئی کو ایک بار پھر سرخیوں میں لا کھڑا کیا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق روس کے کامچاتکا جزیرہ پر 8.8 شدت کا زلزلہ آیا، جس کے جھٹکے جاپان کے شمالی علاقے ہوکائیڈو اور روس کے کوریل جزائر تک محسوس کیے گئے۔ اس زلزلے کے بعد جاپان نے سونامی الرٹ جاری کیا اور ساحلی آبادی کو فوری طور پر محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہونے کی ہدایت دی گئی۔

سوشل میڈیا پر اس واقعے کو جاپانی نجومی ریو تاتسوکی کی اس پیش گوئی سے جوڑا جا رہا ہے، جس میں انہوں نے جولائی 2025 میں جاپان کو درپیش ایک بڑی قدرتی آفت کی وارننگ دی تھی۔ تاتسوکی کو ان کی پیش گوئیوں کی وجہ سے “جاپانی بابا وانگا” بھی کہا جاتا ہے۔

ریو تاتسوکی کی 1999 کی مانگا سیریز The Future I Saw میں جولائی 2025 میں جاپان میں زلزلے اور سونامی جیسے حالات کی پیش گوئی موجود تھی۔ جب 30 جولائی کو زلزلہ آیا تو صارفین نے اس تاریخ کے مماثلت پر حیرت کا اظہار کیا۔

ایک صارف نے سوشل میڈیا پر لکھا: “ریو تاتسوکی کی پیش گوئی سچ ثابت ہوئی۔ جولائی کا مہینہ، طاقتور زلزلہ، سونامی وارننگ — سب کچھ ان کی مانگا میں پہلے سے موجود تھا۔”

تاہم، سائنسی ماہرین اور جاپانی حکام نے ان پیش گوئیوں کو محض اتفاق قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی باتوں کو حقیقت سمجھنا سائنسی سوچ کے خلاف ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں پر یقین نہ کریں اور صرف مستند ذرائع سے حاصل شدہ معلومات پر بھروسا کریں۔

اس واقعے کے بعد جاپان کی سیاحت پر بھی فوری اثرات دیکھنے کو ملے، خاص طور پر ہانگ کانگ سے جاپان کے لیے ہونے والی سیاحتی بکنگز میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ سوشل میڈیا پر جہاں کچھ لوگ اس پیش گوئی کو حیرت انگیز قرار دے رہے ہیں، وہیں کچھ صارفین اسے محض ایک مبہم اتفاق سمجھ کر رد کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ بابا وانگا کی 2025 کی پیش گوئی بھی جاپان سے متعلق تھی، جس میں ایک “بڑی تباہی” کا اشارہ دیا گیا تھا — اور اس وقت دونوں پیش گوئیاں ایک ساتھ زیربحث آ چکی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں