اسلام آباد ۔پاکستان کے سینئر صحافی مبشر لقمان نے ایک حالیہ انٹرویو میں دعویٰ کیا ہے کہ بالی ووڈ کا مشہور جوڑا سیف علی خان اور کرینہ کپور ممکنہ طور پر علیحدگی کی طرف بڑھ رہا ہے۔
اپنے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مبشر لقمان نے بتایا کہ بھارت میں موجود ان کے ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ مشہور جوڑا، جو حال ہی میں سیف علی خان پر مبینہ حملے کے بعد خبروں کی زینت بنا، ازدواجی اختلافات کا شکار ہے اور ان کی راہیں جلد جدا ہو سکتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بعض اطلاعات کے مطابق سیف علی خان پر ہونے والا حملہ دراصل ان کی اہلیہ کرینہ کپور کی جانب سے کیا گیا، جب انہوں نے سیف کو مبینہ طور پر گھریلو ملازمہ کے ساتھ رنگے ہاتھوں پکڑا۔
مزید برآں، مبشر لقمان نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ سیف علی خان نے قطر کی شہریت حاصل کر لی ہے اور وہ مستقل طور پر وہاں منتقلی کا ارادہ رکھتے ہیں، جبکہ کرینہ اس فیصلے سے متفق نہیں ہیں، جو ان کے درمیان تناؤ اور ممکنہ علیحدگی کی ایک بڑی وجہ بن رہا ہے۔
یہ گفتگو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور مداحوں کی جانب سے حیرت اور پریشانی کا اظہار سامنے آ رہا ہے۔ تاہم، تاحال نہ سیف علی خان اور نہ ہی کرینہ کپور کی جانب سے اس معاملے پر کوئی تصدیق یا تردید سامنے آئی ہے۔
بعض صارفین اس تمام صورتحال کو ایک اور بے بنیاد افواہ قرار دے رہے ہیں، جیسا کہ اکثر بالی ووڈ اسٹارز کی نجی زندگی سے متعلق گردش میں رہتا ہے۔
یاد رہے کہ سیف علی خان اور کرینہ کپور نے 2012 میں شادی کی تھی اور ان کے دو بیٹے ہیں۔











