بھارتی حکومت کی جانب سے خیبر پختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور کے فیٹف سے متعلق بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیے جانے اور پاکستان میں دہشت گردی کو ہوا دینے جیسے مذموم ہتھکنڈوں پر وزیراعلیٰ نے شدید ردِعمل دیا ہے۔
اپنے پالیسی بیان میں علی امین گنڈاپور نے کہا کہ انتخابی سرگرمیوں میں مصروف ہونے کے باعث انہیں بعد میں علم ہوا کہ بھارت نے ان کے فیٹف سے متعلق بیان کو غلط انداز میں پیش کیا ہے، جس کی وضاحت ضروری سمجھتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ سب سے پہلی بات یہ ہے کہ بھارت کوئی آج سے نہیں، بلکہ ہمیشہ سے پاکستان اور اس خطے میں دہشتگردی کے ہر واقعے میں براہِ راست یا بالواسطہ طور پر ملوث رہا ہے۔
علی امین نے کہا کہ وہ ماضی میں کشمیر اور گلگت بلتستان کے وزیر بھی رہ چکے ہیں اور اب وہ فیٹف کو نہ صرف تحریری طور پر آگاہ کریں گے بلکہ خود جا کر حقائق پیش کریں گے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ پاکستان میں ہونے والی ہر قسم کی دہشتگردی کے تانے بانے بھارت سے جُڑے ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں جاری جنگ کے دوران بھارت نے سو سے زائد سفارتخانے کھول رکھے تھے، جہاں نہ کوئی تجارتی سرگرمی تھی، نہ سرمایہ کاری، اور نہ ہی حقیقی سفارتی مشن۔ ان کا مقصد صرف پاکستان میں دہشت گردی کو فروغ دینا تھا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ اس سازش کو پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کریں گے اور بلوچستان و خیبر پختونخوا میں بھارت کا کردار بھی واضح کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے تحفظ کے لیے چیئرمین عمران خان، تحریکِ انصاف، مسلح افواج اور پوری قوم ایک صف میں کھڑے ہیں۔ حالیہ بھارتی حملے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کو اندھیرے میں حملہ کرنے کے باوجود شکست ہوئی، جس پر پوری قوم اور دفاعی اداروں نے ثابت کر دیا کہ دشمن کا مؤثر جواب دینا ہم خوب جانتے ہیں۔
انہوں نے بھارت پر الزام عائد کیا کہ خطے میں ہونے والے ہر بڑے دہشتگرد حملے، چاہے وہ چینی شہریوں پر ہوں، تنصیبات پر ہوں یا عام شہریوں پر، ان سب کے پیچھے بھارتی ہاتھ کارفرما ہوتا ہے۔
علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ یہ حقیقت بھی سامنے لانی چاہیے کہ کشمیر کی آزادی میں پشتونوں کا اہم کردار رہا ہے اور ان شاءاللہ، جس کشمیر پر بھارت قابض ہے، اسے بھی پشتون عوام آزادی دلائیں گے۔
انہوں نے بھارتی وزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا: “مودی! ہم تمہاری طرح رات کی تاریکی میں چھپ کر حملہ کرنے والے نہیں، ہم اعلان کر کے میدان میں آتے ہیں، کیونکہ ہمیں یقین ہے کہ سچ اور حق کی ہمیشہ فتح ہوتی ہے۔”
علی امین نے کہا کہ پاکستان میں بھارت کی پھیلائی گئی دہشتگردی کو روکنے کے لیے عوام اور سیکیورٹی فورسز عظیم قربانیاں دے رہی ہیں، اور ملک کی تمام حکومتیں، دفاعی ادارے اور عوام پاکستان کے دفاع کے لیے متحد ہیں۔
آخر میں، علی امین گنڈاپور نے مودی کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھارت کی سازشوں کو عالمی سطح پر بے نقاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے ان کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کر کے فیٹف میں پاکستان کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، لیکن وہ خود جا کر یہ ثابت کریں گے کہ دہشتگردی میں ملوث ملک اگر کوئی ہے تو وہ بھارت ہے، اور وہی فیٹف کی گرے لسٹ کا اصل حقدار ہے — اور ان شاءاللہ اسے اس فہرست میں شامل کروائیں گے۔











